اظہر علی ’’پنک بال‘‘ سے ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

اظہرعلی نے 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے 10ویں پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔


ویب ڈیسک October 14, 2016
اظہر علی نے 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے 10ویں پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فوٹو: گیٹی امیج

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری مکمل کرکے کئی سنگ میل عبور کرلیے اور پنک بال سے سینچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں جاری تاریخی ٹیسٹ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کے لیے ہر لحاظ سے یادگار رہے گا کیوں کہ انہوں نے اس میچ میں کئی اہم سنگ میل عبور کیے۔ اظہر علی نے سمیع اسلم کے ساتھ ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بھی اچھی شراکت داری قائم کی۔ اس دوران اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 11ویں سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ کسی بھی پاکستانی کی جانب سے پہلے 50 میچوں میں 11 سنچریاں بنانے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس سے قبل لیجنڈری کرکٹر محمد حنیف اور مایہ ناز بلے باز یونس خان نے پہلے 50 ٹیسٹ میچوں میں 12، 12 جب کہ محمد یوسف نے 11 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اب اظہر علی بھی اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 4 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اس تاریخی میچ میں حاصل کیا، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے 10ویں پاکستانی ہیں۔

دوسری جانب اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی اور پھر ٹرپل سنچری بھی اسکور کی اور یوں وہ پاکستان کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانے والے چوتھے پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔ لیجنڈری کرکٹر محمد حنیف، سابق کپتان انضمام الحق اور قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنانے والے یونس خان پاکستان کے لیے ٹرپل سنچری اسکور کرچکے ہیں۔

اظہر علی نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ اور پنک بال سے ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا جب کہ انہوں نے دبئی میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑا جو اس سے قبل جنوبی افریقا کے سابق کپتان اسمتھ کے پاس تھا انہوں نے پاکستان کے خلاف 234 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں نہ صرف اپنا 400واں میچ کھیل رہا ہے بلکہ یہ تاریخی اعتبار سے دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز بھی گرین شرٹس کو حاصل ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں