کراچی میں اسٹارگیٹ پر نصب ’’اسٹار‘‘ کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹار گیٹ پر نصب ’’اسٹار ‘‘ کو جناح ٹرمینل پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔


ویب ڈیسک October 14, 2016
وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹار گیٹ پر نصب ’’اسٹار ‘‘ کو جناح ٹرمینل پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جناح ٹرمینل سے میٹروپول ہوٹل تك شارع فیصل كو مزید بہتر اور خوبصورت بنانے كے منصوبے كی منظوری دیدی جب کہ اسٹار گیٹ پر نصب اسٹار کو جناح ٹرمینل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت خصوسی اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیكریٹری ترقیات محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ كے پرنسپل سیكریٹری نوید كامران بلوچ، سیكریٹری خزانہ حسن نقوی اور آركیٹكٹ یاور جیلانی نے شركت كی۔ آركیٹیكٹ یاور جیلانی نے وزیراعلیٰ سندھ كو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا كہ جناح ٹرمینل پر شارع فیصل پر فلائی اوور كی تعمیر سے ٹرمینل كی خوبصورتی متاثر ہوئی ہے، اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے كہا كہ جب لوگ جناح ٹرمینل سے شارع فیصل كی جانب اترتے ہیں تو بہت خراب نظر آتا ہے۔ انہوں نے كہا كہ كسی بھی چیز كا پہلا تاثر آخری تاثر ہوتا ہے، لہٰذا اسے لازمی طور پر خوبصورت بنانا ہے۔

آركیٹكٹ نے وزیراعلیٰ سندھ كو بتایا كہ جب شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے اسلامی سربراہی كانفرنس بلائی تھی تو انہوں نے ایئرپورٹ (اب جسے اولڈ ٹرمینل كہا جاتا ہے)كو خوبصورت بنایا تھا اور ایئرپورٹ كے مین ٹرننگ پرایك اسٹار كی صورت میں اسلامك آركیٹیكچر تعمیر كرائی تھی اور اسے نامور آرٹسٹ گل جی نے ڈیزائن كیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے كہا كہ اسٹار گیٹ پر نصب مذكورہ اسٹار كو جناح ٹرمینل كی جانب منتقل كیا جائے اور اسے نمایاں مقام پر نصب كیا جائے تاكہ دور دراز علاقوں سے آنے والوں كی بھی اس پر نظر پڑے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس اسٹار كی تاریخی اہمیت ہے اور اس كی اسلامی سربراہی كانفرنس، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور سعودی عرب كے بادشاہ شاہ فیصل كی یادیں وابستہ ہیں ، لہٰذا اسے مزید بہتر طریقے سے محفوظ كیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں