شنگھائی ماسٹرز ٹینس جوکووک شکست سے بال بال بچ گئے

میشا زیوریف کیخلاف بمشکل کامیاب، اینڈی مرے، جائلز سیمون اور روبرٹو بوٹسٹا فائنل فور میں شامل


Sports Desk/AFP October 15, 2016
فاتح پلیئر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے لمحات میں پہلے بہتر کھیل پیش کیا کرتا تھا جو کہ شاید کہیں پیچھے رہ گیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

عالمی نمبرایک ٹینس پلیئر نووک جوکووک شنگھائی ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں شکست سے بال بال بچ گئے، روبرٹو بوٹسٹا نے پچھلے سال کے رنراپ جوئے ولفریڈ سونگا کو ٹھکانے لگادیا، اینڈی مرے اور جائلز سیمون بھی فائنل فور میں پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ نمبر ون سرب اسٹار نووک جوکووک کو شنگھائی ماسٹرز کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے سخت جدوجہد کرنا پڑی،110رینکڈ جرمن حریف میشا زیوریف نے کوارٹرفائنل میں انھیں کافی ٹف ٹائم دیا، ایک مرحلے پر سربیئن اسٹارکے شکست کے آثار واضح ہوئے تھے، پہلے سیٹ میں ان کی شکست کے بعد دوسرے سیٹ میں مقابلہ ٹائی بریکر پر پہنچ گیا تھا، تاہم کوالیفائر زیوریف اپنا توازن برقرار نہ رکھ پائے اور 12بار کے گرینڈ سلم کے تجربے کے آگے ہار گئے۔

جوکووک نے ٹائی بریکر کے پہلے4 پوائنٹس اپنے نام کرتے ہوئے میچ میں فتح کی بنیاد رکھی، انھوں نے مدمقابل کو3-6، 7-6(7/4)، 6-3 کے مارجن سے قابوکیا، دوران میچ زیوریف کے حوصلے پست ہونے لگے جبکہ ورلڈ نمبر ون پلیئر نے خود کو پرسکون رکھتے ہوئے ان غلطیوں سے پرہیزکیا جن کے وہ دوران میچ مرتکب ہورہے تھے۔

فاتح پلیئر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے لمحات میں پہلے بہتر کھیل پیش کیا کرتا تھا جو کہ شاید کہیں پیچھے رہ گیا، میں نے مقابلے میں ہمت مجتمع کرتے ہوئے صحیح سمت میں اپنے آپ کو ڈالا،جوکووک غیرمعمولی طریقے سے اپنے آپ کو سیزن کی بدترین شکست سے محفوظ رکھتے ہوئے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے، وہ یہاں سات بار آئے اور تمام مرتبہ فائنل فور میں جگہ پائی، پچھلے کئی ماہ سے سرب پلیئرکومشکلات نے گھیرا ہوا ہے، ان کا کہنا تھا کہ نجی مسائل کی بنا پر ان کی توجہ منتشر ہوئی، انھیں ومبلڈن اور اولمپکس ایونٹ میں افتتاحی راؤنڈ سے ہی گھر جانا پڑا تھا۔

2گھنٹے20منٹ میں حریف پر کامیابی پانے والے جوکووک نے کہا کہ یقیناً یہ میرے لیے ٹورنامنٹ کا سب سے پرلطف میچ تھا، حریف میچ کے پہلے حصے میں مجھ سے بہتر پلیئر تھے، ہفتے کو شیڈول سیمی فائنل میں انھیں اسپین کے روبرٹو بوٹسٹا کا چیلنج درپیش ہوگا جنھوں نے ایک اور کوارٹرفائنل میں پچھلے سال کے رنراپ جوویلفریڈ سونگا کو آؤٹ کلاس کیا، بوٹسٹا نے فرنچ کھلاڑی کو 6-3، 6-4 کی ہزیمت سے دوچار کیا۔

فاتح پلیئر نے پہلے سیٹ میں تین بارحریف کی سروس بریک کی جبکہ دوسرے سیٹ میں وہ ایک بار ایسا کرنے میں کامیاب رہے، انھوں نے 72منٹ میں سونگا کو شکست دیتے ہوئے ان پر لگاتار تیسری کامیابی پائی، برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے ڈیوڈ گوفن کو 6-2،6-2 سے پچھاڑ کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے، فرانس کے جائلز سیمون نے امریکی حریف جیک سوک کا قصہ 4-6،6-4 اور7-6(7/5) سے تمام کردیا۔

دریں اثنا ڈبلیو ٹی اے ٹیناجن اوپن کے کوارٹر فائنل میں مونٹی نیگرو کی ڈینکا کونیک نے پرتگال کی مونیکا پوئیگ کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا، ان کی جیت کا اسکور 6-4، 6-3 رہا، امریکا کی الیسون ریسکی نے چین کی ہان زنیون کو اسٹریٹ سیٹس میں6-3، 6-3 سے میدان بدر کیا، روس کی سویٹلانا کزنٹسووا نے جاپان کی ناؤمی اوساکا کو پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود 2-6، 6-4، 7-6(7/3) کے مارجن سے قابو کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں