ایم کیو ایم لندن نے 12 رکنی عبوری رابطہ کمیٹی کا اعلان کردیا

حسن ظفر، ساتھی اسحاق ، امجد اللہ، کنور خالد، اشرف نور، اسماعیل ستارہ، مومن خان و دیگر شامل


Staff Reporter October 15, 2016
متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے ارکان آج (ہفتے کو) کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے کنوینر ندیم نصرت نے تحریک کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ایم کیو ایم کی 12 رکنی عبوری رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔

لندن سے جاری اعلامیے کے مطابق عبوری رابطہ کمیٹی میں پاکستان سے ممتاز دانشور پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفرعارف، معروف قانون دان ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ، امجد اللہ خان، کنور خالد یونس، اشرف نور، اکرم راجپوت، اسماعیل ستارہ، ادریس علوی ایڈوکیٹ اور حیدرآباد سے سینئر سیاسی رہنما مومن خان مومن شامل ہوں گے، عبوری رابطہ کمیٹی میں اوورسیز سے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ندیم احسان، ایم کیو ایم کے سینئر اراکین واسع جلیل اور مصطفیٰ عزیزآبادی شامل ہوں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رابطہ کمیٹی میں مزید اراکین کا اضافہ بعد میںکیا جائے گا، ایم کیو ایم سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، لیبرڈویژن، شعبہ خواتین، سندھ تنظیمی کمیٹی، لیگل ایڈ کمیٹی، میڈیکل ایڈ کمیٹی، ایلڈرز ونگ اور دیگر شعبہ جات کے ذمے داروں کے ناموں کا اعلان اگلے مرحلے میں کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے 26 ٹاؤنز اور حیدرآباد زون کے نئے تنظیمی سیٹ اپ کا اعلان جلد کیا جائے گا جبکہ اندرون سندھ کے دیگر تمام شہروں کا تنظیمی سیٹ اپ بھی بدستور برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، متحدہ کے بانی و قائد تحریک نے ایم کیوایم کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس میں کیے گئے ان تمام فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔

ایم کیو ایم (لندن) رابطہ کمیٹی کے رکن ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ نے ایکسپریس کو بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے ارکان آج (ہفتے کو) کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں پارٹی کے امور اور سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں