وہ آرٹسٹ جو لڑنے کا آرٹ بھی جانتے ہیں

بولی وڈ کے مارشل آرٹ کے ماہر اداکار اور اداکارائیں


نرگس ارشد رضا October 16, 2016
اکشے کمار Fear Factorخطروں کے کھلاڑی، پروگرام کے میزبان کے طور پر بھی شہرت رکھتے ہیں۔۔ فوٹو: فائل

مارشل آرٹ لڑائی کا ایک ایسا حیرت انگیز فن ہے جسے فلمی دنیا سے وابستہ ہر ایکٹر اپنانے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر جوڈو کراٹے، جسے بروس لی نے بین الاقوامی سطح پر شہرت دی، بالکل اسی طرح مارشل آرٹ کا فن بھی چین سے آیا جہاں کم وبیش ہر فلم میں اس کے ماہر نظر آتے ہیں۔

جیٹ لی اور جیکی چن چین کے وہ لیجنڈ اداکار ہیں جنہوں نے مارشل آرٹ کو گھر گھر پہنچایا۔ بولی وڈ میں بھی اس کا کریز بہت زیادہ ہے۔ ہیرو اپنی جسمانی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے اسے اپناتے ہیں اور کئی کی تو یہ روزمرہ کی ایکسرسائز کا باقاعدہ حصہ ہے۔ اس میں کو ئی شک نہیں کہ مارشل آرٹ کا ماہر جسمانی طور پر چاق وچوبند اور توانا ہوتا ہے۔ بولی وڈ میں کچھ نام ور اداکار اس فن کے ماہر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے اس کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے، آئیے جانتے ہیں کہ وہ کون کون سے اداکار ہیں:

٭اکشے کمار: اکشے کمار کو خطروں کا کھلاڑی کہا جاتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ وہ مارشل آرٹ کے حوالے سے انتہائی جذباتی اور جنونی ہیں۔ انہیں اپنے اس فن پر فخر ہے۔ اکشے اپنی کام یابیوں کو مارشل آرٹ کے مرہون منت سمجھتے ہیں۔ وہ کراٹے میں میں سکس ڈگری بلیک بیلٹ ہیں۔ نہ صرف یہ بل کہ انہیں ماسٹر آف انسٹرکٹر کا خطاب بھی مل چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر اسکول میں بچوں کو مارشل آرٹ کی تر بیت ضرور دینی چاہیے، تاکہ وہ اپنی حفاظت خود کرسکیں۔ اکشے تائی کوانڈو بلیک بیلٹ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ تھائی لینڈ میں جن دنوں وہ ایک ریستوراں میں بہ طور شیف کام کر رہے تھے ان دنوں انہوں نے Muay کی تربیت بھی حاصل کی۔

انڈیا واپس جاکر انہوں نے بچوں کو تائی کوانڈو کی تربیت دینے کا آغاز کیا۔ تب ان کے ایک شاگرد نے انہیں ماڈلنگ اور ایکٹنگ کا مشورہ دیا اور پھر 1992میں اکشے نے فلم دیدار سے اپنا فلمی سفر شروع کیا۔ اکشے کمار Fear Factorخطروں کے کھلاڑی، پروگرام کے میزبان کے طور پر بھی شہرت رکھتے ہیں۔ فلموں اور ہوسٹنگ کے علاوہ اکشے مارشل آرٹ پر بنائی جانے والی دستاویزی فلموں جیسے کہSeven Deadly Arts with Akshay Kumar".کی میزبانی بھی کرچکے ہیں۔



٭پریانکا چوپڑہ: بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑہ کو محنتی اور بہادر اداکارہ کہا جاتا ہے۔ ان کی اپنے فن سے محبت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ وہ اپنے ہر کردار کے لے بے انتہا محنت اور لگن سے کام کرتی ہیں۔ یہ رول کسی ایکشن گرل کا ہو یا پھر کوئی رومانوی کردار، وہ خود کو ہر طرح کے روپ میں بڑی کام یابی سے دھار لیتی ہیں۔ ان کے کام یاب ایکشن کرداروں میں ڈان، ڈرونا، میری کوم اور حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم جے گنگا جل شامل ہیں۔

میری کوم کے لیے انہوں نے باکسنگ کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی جب کہ ہالی وڈ ٹی وی سیریز بے واچ کے لیے پریانکا مارشل آرٹ کے کئی ایکشن سیکھ رہی ہیں۔ بے واچ کے لیے انہوں نے مارشل آرٹ کی خصوصی قسم "Kajukenbo" کی ٹریننگ لی ہے۔ یہ مارشل آرٹ کے مختلف حصوں کا مجموعہ ہے اور یہ لفظ Karate (Ka), Jujutsu (Ju), Kenpo (Ke) Boxing (Bo) سے مل کر بنا ہے۔

٭ریتھک روشن: ریتھک روشن سحر انگیز شخصیت کے مالک ایک ایسے اداکار ہیں، جن کی اداکارانہ صلاحیتوں کا ہر کوئی اعتراف کرتا ہے، لیکن ان کی پہچان صرف ایکٹنگ ہی نہیں بل کہ ان کی جسمانی فٹنس اور خوب صورتی بھی ہے اور اس کی جھلک فلم بینگ بینگ اور کرش تھری میں نظر آتی ہے۔ ریتھک روشن نے فلم ٖفضا اور مشن کشمیر کے لیے مارشل آرٹ کی تربیت حاصل کی تھی، جس کا مظاہرہ وہ اب وہ اپنی تمام فلموں میں کرتے نظر آتے ہیں۔



٭جان ابراہام: ماڈلنگ سے ایکٹنگ تک کا سفر طے کرنے والے اداکار جان ابراہام نے مارشل آرٹ کی کئی قسموں کی باقاعدہ تربیت حاصل کر رکھی ہے، جس میں کنگ فو، کراٹے، Krav Magaاور Malay martialشامل ہیں۔ انہوں نے اپنی فلم راکی ہینڈسم کے لیے Silat اور Yong Chung کے جوہر دکھائے۔ مارشل آرٹ کی ان قسموں میں جسم کے صرف اوپری حصے سے کام لیا جاتا ہے۔ اسی لیے انہوں نے فلم راکی ہینڈسم میں بہترین ایکشن فلم بند کرائے۔

٭ٹائیگر شیروف: بہت کم وقت میں اپنی پہچان بنالینے والے اداکار جیکی شیروف کے بیٹے ٹائیگر شیروف کا شمار ایکشن ہیروز میں کیا جانے لگا ہے۔ ٹائیگر نے صرف چودہ سال کی عمر سے مارشل آرٹ کی تربیت حاصل کرنا شروع کردی تھی اور اس کے لیے انہوں نے تائی کوانڈو اور چین کا خصوصی آرٹWushuبھی سیکھا۔ ٹائیگر کی ہر صبح کا آغاز جم سے ہوتا ہے، جہاں وہ جمناسٹک کے ساتھ ساتھ مارشل آرٹ بھی سیکھتے رہتے ہیں۔ اس حوالے سے ٹائیگر ری تھک روشن کے بہت بڑے مداح ہیں اور انہیں اپنے لیے رول ماڈل تصور کرتے ہیں۔ فلم باغی میں ٹائیگر نے مارشل آرٹ کا شان دار مظاہرہ کیا۔



٭سلمان خان: سلمان خان بولی وڈ کے ہر نئے آنے والے اسٹار کے رول ماڈل ہیں۔ ریتھک سے لے کر ٹائیگر شیروف تک باڈی فٹنس اور مہارت میں انہیں اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں۔ یہ بات سچ بھی ہے کہ سلمان نے کئی ہیروز کو باڈی بلڈنگ اور باڈی فٹنس کی راہ دکھائی۔ اس لیے کہ وہ خود بھی اس معاملے میں کوئی سمجھوتا نہیں کرتے۔ سلمان نے اپنی فلم کک کے لیے مارشل آرٹ کی کچھ خاص تیکنیکوں کی تربیت حاصل کی، جس کا مظاہرہ اسی فلم کے کئی ایکشن مناظر میں کیا۔ نہ صرف یہ بل کہ فلم سلطان کے لیے انہوں نے باکسنگ کے داؤ پیچ باقاعدہ باکسنگ انسٹرکٹر سے سیکھے۔ سچا آرٹسٹ وہی ہوتا ہے جو اپنے کردار پر کوئی سمجھوتا نہ کرے تب ہی اسے کام یابی بھی ملتی ہے۔



٭اجے دیو گن: اجے دیوگن کو ہندی سنیما میں مارشل آرٹ کی ترجیح پر بلیک بیلٹ کا خصوصی ایوارڈ دیا جاچکا ہے۔ یہ اعزاز انہیں ساؤتھ کورین تائی کوانڈو ماسٹر نے ایک تقریب میں دیا تھا۔ اس تقریب میں انہیں مارشل آرٹ کی خصوصی جیکٹ بھی اعزازی طور پر دی گئی تھی۔ اجے دیوگن نے اپنی کئی ایکشن فلموں میں تائی کوانڈو سمیت مارشل آرٹ کی کئی اور تیکنیکیں آزمائی ہیں۔



٭ودیوت جموال: ان کا فلمی سفر کوئی خاص قابل ذکر نہیں ہے۔ ان کے کریڈٹ پر ایک فلم فورس ہے، جس میں انہوں نے جان ابراہام کے ساتھ کام کیا تھا۔ ودیات مارشل آرٹ کے چیمپیئن ہیں اور گذشتہ تیس سال سے وہ اس فن میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔ آج بھی وہ اس آرٹ کی نئی تکنیکوں کو سیکھنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہتے۔ ودیات نے دنیا کے کئی ممالک میں مارشل آرٹ کے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اپنی آنے والی ایکشن فلموں میں یقیناً ودیات اپنے فن کے جوہر ضرور دکھائیں گے۔



٭دیپکا پاڈوکون: اس وقت بولی وڈ کی سب سے بڑی اور منہگی اداکارہ دیپکا پاڈوکون جو ہالی وڈ میں ٹاپ کلاس ایکٹر ون ڈیزل کے ساتھ بھی ایک فلم کر رہی ہیں نے باقاعدہ مارشل آرٹ کی تربیت حاصل کر رکھی ہے اور ایسا انہوں نے اپنی فلم چاندنی چوک سے چائنا ٹاؤن میں اپنے ایکشن رول کے لیے کیا تھا۔ رجنی کانت کے ساتھ آنے والی فلم رانا میں بھی وہ اپنے اس فن کا مظاہرہ کرتی نظر آئیں گی۔ فلم باجی راؤ مستانی کے لیے انہوں نے تلوار بازی اور گھڑ سواری کی بھی تربیت حاصل کی۔ بیڈمنٹن کی پرانی کھلاڑی ہونے کی بنا پر دیپکا کے لیے ان سب پر عبور حاصل کرنا کچھ مشکل نہ تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں