کراچی کے علاقے سعود آباد سے لاپتہ 3 طالبات بازیاب

ایک لڑکی کے موبائل فون کی مدد سے ان طالبات کی بازیابی ممکن ہوئی، پولیس


ویب ڈیسک October 16, 2016
بازیاب ہونے والی طالبات کو سعودآباد تھانے منقتل کردیا گیا، پولیس: فوٹو: فائل

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) اور سی پی ایل سی نے کارروائی کر کے سعود آباد سے لاپتہ ہونے والی نویں جماعت کی 3 طالبات کو بازیاب کرالیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اے وی سی سی اور سی پی ایل سی نے 2 روز قبل کراچی کے علاقے سعود آباد سے لاپتہ ہونے والی نویں جماعت کی 3 طالبات اقرا، بسمہ اور رابعہ کی بازیابی کے لیے لیاقت آباد میں کارروائی کی، کارروائی میں تینوں لڑکیوں کو ایک مکان سے بازیاب کرا لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک لڑکی کے موبائل فون کی مدد سے ان طالبات کی بازیابی ممکن ہوئی جب کہ اس سلسلے میں لڑکیوں کے بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں جس کے بعد انہیں والدین کے حوالے کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس نے والدین کی نشاندہی پر3 نوعمر لڑکوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے جن کے موبائل فونز سے لڑکیوں کے ایس ایم ایس ملے ہیں۔ والدین کے مطابق لڑکیاں اسکول گئی تھیں جب کہ اسکول انتظامیہ کے مطابق تینوں طالبات غیر حاضر تھیں۔

واضح رہے کہ تینوں لڑکیاں 2 روز قبل گھر سے اسکول کے لئے گئیں لیکن واپس نہیں آئیں جس پر تینوں کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا، مقدمے میں اغوا کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں