گورنرسندھ الطاف حسین سمیت تمام شیطانی قوتوں کو آکسیجن فراہم کرتے ہیں مصطفیٰ کمال

گورنرسندھ کوفوری گرفتارکیا جائے کیونکہ الطاف حسین کے تمام کالے کرتوتوں کا سب سے زیادہ علم ان ہی کوہے،چیرمین پی ایس پی


ویب ڈیسک October 17, 2016
ڈاکٹر عشرت العباد کئی حلقوں میں رشوت العباد کے نام سے جانے جاتے ہیں، چیئرمین پاک سرزمین پارٹی فوٹو: فائل

BAHAWALPUR/ GUJRANWALA/ BHAKKAR: پاک سرزمین پارٹی کے چیرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد الطاف حسین تمام شیطانی قوتوں کو آکسیجن فراہم کرتے ہیں اور وہ کئی حلقوں میں رشوت العباد کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کہنے پر کوئی ووٹ دینے کو تیار نہیں ہے، بانی ایم کیوایم کی جماعت کا اصل چہرہ بندوق سے لوگوں کو ڈرانےوالوں کا ہے، اشفاق منگی کے گھر پر فائرنگ کی گئی، بانی ایم کیو ایم بزدل آدمی ہیں، ان کا کام لوگوں کوبندوق سے ڈراناہے کیونکہ بزدل آدمی لوگوں کو بندوق کی نوک پر خاموش کراتا ہے ۔ ہمارےلئے اس طرح کےواقعات کوئی نئی بات نہیں کیونکہ وہ جس کام کے لئے باہر نکلے ہیں اس میں یہ چیز متوقع تھی،ہم نے جو بیڑا اٹھا رکھا ہے وہ رکنے والا نہیں۔ الطاف حسین کوچیلنج کرنے کامطلب براہ راست بھارت کو چیلنج کرنا ہے، ہم نے ''را'' اور بھارت کو چیلنج کیا ہے اور ہماری وجہ سے بھارت کی کراچی میں سرمایہ کاری ناکام ہوئی ہے لیکن وہ اپنی سیکیورٹی کے لئے کسی سے فریاد نہیں کریں گے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تمام شیطانی طاقتوں کو آکسیجن فراہم کرنے والا شخص ڈاکٹر عشرت العباد ہے۔ ہم نے انہیں دعوت دی کہ وہ گورنر کا عہدہ چھوڑ کر پارٹی کی قیادت کریں لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ وہ ایم کیو ایم کے بانی اور فاروق ستار سے رابطے میں ہیں اور ایم کیو ایم پاکستان سے بانی ایم کیوایم کو آکسیجن مل رہی ہے۔ فاروق ستار نے کئی بار اپنا مؤقف تبدیل کیا، وہ پہلے بھی 4 بار معافی مانگ چکے ہیں۔ عشرت العباد نے منی لانڈرنگ کیس میں بری ہونے پر ایم کیو ایم کے بانی کو باقاعدہ مبارک باد دی ہے۔

گورنر سندھ کو نشانہ بناتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دبئی میں ایم کیوایم کے رہنماؤں کی جس میٹنگ میں ''را'' سے پیسے لینے کا اعتراف کیا گیا اس میں عشرت العباد بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرعشرت العباد کوفی الفور گرفتار کیا جائے اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے کیونکہ بانی ایم کیوایم کے تمام کالے کرتوتوں کا سب سے زیادہ علم عشرت العباد کو ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے خلاف لوگوں کے ذہن خراب کرنے والے گورنر سندھ ہیں ، عشرت العباد نے کئی لوگوں کو ہمارے پاس آنے سے روکا، وہ انتشار نہیں پھیلانا چاہتے، انسانیت کو نقصان پہنچانے والے انسان کو خوراک دینی چاہیے۔ عشرت العباد درحقیقت رشوت العباد ہیں اوران کے لیے پیسا ہی سب کچھ ہے اور وہ 50 ہزار بھی نہیں چھوڑتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں چائنہ کٹنگ سے حاصل ہونے والے تمام پیسے ان سے ہوکر گزرتے ہیں۔ گورنر سندھ کو دو نمبرآدمی چاہییں کیونکہ وہ خود دو نمبر انسان ہیں، انہوں نے کراچی ، ابوظہبی اور کینیڈا میں اپنے اسٹاف کے نام پر جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔

چیرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ انہوں نے کئی ماہ بعد ڈاکٹر عشرت العباد کی حقیقت لوگوں کو بتائی ہے، اس کے علاوہ اور بھی کئی پردہ نشین ہیں جن کے مکروہ چہرے سامنے آنا باقی ہیں اور وہ وقفے وقفے سے ان کی حقیقت سامنے لائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں