جنرل کیانی افغان سرحد پر کارروائی کیلئے تیار ہوگئے پنیٹا

پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں افغانستان کیلیے خطرہ ہیں، امریکی وزیر دفاع

پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں افغانستان کیلیے خطرہ ہیں، پاکستانی فورسز آپریشن کی اہلیت رکھتی ہیں، امریکی وزیر دفاع. فوٹو: فائل

امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں افغانستان کیلیے خطرہ ہیں۔

پاکستانی آرمی چیف جنرل کیانی نے افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں موجود عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ پاکستان افغان طالبان کے ساتھ پرامن حل کیلیے مذاکرات میں مدد کررہا ہے۔ فاٹا میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کی وجہ سے امریکا اور اتحادی افغانستان میں دہشت گردوں کو فیصلہ کن شکست نہیں دے پارہے۔ وہ کویت کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

لیون پینیٹا نے کہا کہ پاکستان عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی کی اہلیت رکھتا ہے اورجنرل کیانی نے عسکریت پسندوں کے محفوظ ٹھکانوں پر مزید دبائو بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔




واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان پینٹاگون کی ایک رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد آیا ہے۔ اس رپورٹ میں تاثر دیا گیا تھا کہ پاکستان نے اب بھی دہشت گردوں کو اپنے قبائلی علاقوں میں موجود محفوظ ٹھکانوں سے کارروائیوں کی اجازت دے رکھی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ پرانی ہے اور اب پاکستان نے اس حوالے سے اپنی کارکردگی کافی بہتر کی ہے۔ یہ رپورٹ کانگریس کو تین مہینے قبل بھیجی گئی تھی۔ اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نیٹو فورس پاکستان کے ساتھ مل کر آپریشن کررہی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہوگیا ہے ،کیوں کہ پاکستان میں ابھی تک دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں۔
Load Next Story