کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کریکر حملہ کمسن لڑکا جاں بحق اور متعدد افراد زخمی

زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، ایڈیشنل پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال


ویب ڈیسک October 17, 2016
زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، ایڈیشنل پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال، فوٹو؛ ایکسپریس/ محمد نعمان

لیاقت آباد کے علاقے شریف آباد میں کریکر حملے کے نتیجے میں کمسن لڑکا جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 4 میں زوردار دھماکا ہواجس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے شریف آباد میں موٹرسائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور اس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ ایڈیشنل پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال کے مطابق کریکر حملے میں ایک کمسن لڑکا جاں بحق ہوگیا جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت فراز کے نام سے ہوئی جس کی عمر 13 سال ہے۔

شریف آباد میں کریکر حملے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا جب کہ رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کریکر حملے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |