گولڈ برگ کی 12 سال بعد رنگ میں واپسی

سابق ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن گولڈ برگ نے اپنے سابق حریف بروک لیسنرز کا چیلنج قبول کرلیا

سابق ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن گولڈ برگ نے اپنے سابق حریف بروک لیسنرز کا چیلنج قبول کرلیا ۔ فوٹو: فائل

LIVERPOOL:
ماضی کے مایہ ناز ریسلر گولڈ برگ نے 12 سال بعد ایک مرتبہ پھر رنگ میں اترنے کا فیصلہ کرلیا۔

سابق ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن گولڈ برگ نے اپنے سابق حریف بروک لیسنرز کا چیلنج قبول کرلیا جب کہ دونوں مایہ ناز ریسلرز کے درمیان فائٹ کی تاریخ بعد میں طے کی جائے گی۔ بروک لیسنرز نے اپنے وکیل کے ذریعے گولڈ برگ کو فائٹ کا چیلنج دیا جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے ان سے مقابلے کے لئے تیاری بھی شروع کردی۔




ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن گولڈ برگ کی طویل عرصے بعد رنگ میں واپسی کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے اور بروک لیسنرز اور گولڈ برگ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کے لئے شائقین بے تاب ہیں۔ چیلنج قبول کرنے کے بعد گولڈ برگ کا کہنا تھا کہ بروک لیسنرز سے آخری فائٹ ہوگی اور وہ آخری شخص ہوں گے جن سے یہ لائی ہوگی۔



گولڈ برگ اپنے کیرئیر کے ابتدائی 173 مقابلوں میں ناقابل شکست رہے جن کی فائٹ کی یہ خوبی تھی کہ ان کی فائٹ کا فیصلہ ایک سے دو منٹ میں ہوجاتا تھا جنہیں بیرونی مدد کے بغیر کوئی ریسلر شکست نہ دے سکا۔ 1998 میں پہلی مرتبہ انہیں کیون نیش نے شکست دی اور یہ مقابلے کافی دیر تک جاری رہا جسے ورلڈ وار تھری کا نام دیا گیا۔ جس کے بعد 1999 میں بریڈ ہارڈ (ہٹ مین) نے گولڈ برگ کو شکست دی۔ 24 جولائی 2000 میں انہیں تیسری مرتبہ بوکر ٹی نے شکست دی اور اسی سال اسکاٹ اسٹینر نے دلچسپ مقابلے کے بعد انہیں ہرایا۔ آخری مرتبہ 2003 میں گولڈ برگ کو ٹرپل ایچ نے شکست سے دوچار کیا۔

واضح رہے کہ گولڈ برگ نے 1997 میں ریسلنگ میں ڈیبیو کیا تھا اور 2004 تک ریسلنگ سے وابستہ رہے جس کے بعد انہوں نے ریسلنگ کو خیرباد کہتے ہوئے نجی ٹی وی چینلز پر کمنٹری کرنا شروع کردی تھی۔ ریسلنگ سے قبل گولڈ برگ 1990 سے 1995 تک فٹبال کے کھلاڑی بھی رہے۔
Load Next Story