وزیراعظم ملک کو سفارتی تنہائی کی جانب لے جارہے ہیں پرویز مشرف

ناقص طرز حکمرانی کی وجہ سے سول ملٹری تعلقات کشیدہ دکھائی دے رہے ہیں، سابق صدر


ویب ڈیسک October 18, 2016
ناقص طرز حکمرانی کی وجہ سے سول ملٹری تعلقات کشیدہ دکھائی دے رہے ہیں، سابق صدر فوٹو: اے ایف پی /فائل

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کو سفارتی تنہائی کی جانب لے جارہے ہیں جب کہ سول ملٹری تعلقات میں بھی کشیدگی دکھائی دے رہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے بات کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ جب تک ملک کے اندرونی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے اس وقت تک بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز سے نہیں اٹھایا جاسکتا، افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں وزیرخارجہ موجود نہیں جب کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کو سفارتی تنہائی کی جانب لے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1999 میں سول ملٹری تعلقات اچھے تھے تاہم اس وقت سول ملٹری تعلقات کشیدہ دکھائی دے رہے ہیں جس کی وجہ ناقص طرز حکمرانی کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہے کیوں کہ آرمی صرف پاکستان کا بھلا چاہتی ہے اور آرمی میں رہ کر وہاں سے حالات زیادہ بہتر دکھائی دیتے ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ملٹری اس وقت نوازشریف سے خوش دکھائی نہیں دے رہی کیوں کہ پاکستان کے حالات اس وقت اچھے نہیں ہیں، عوام بدحالی کا شکار ہے اس لیے آرمی بھی خوش نہیں ہوگی، جب حکومت پر کرپشن کے الزامات ہوں اور ملک کے مفاد میں غلط فیصلوں کے علاوہ منفی باتیں ہورہی ہوں تو سب کو لگتا ہے آرمی حکومت کے خلاف ہے لیکن آرمی صرف پاکستان کے ساتھ ہے وہ ہمیشہ پاکستان کا بھلا چاہتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کی خبر جس شخص نے لیک کی اسے پکڑنا چاہیے، صحافی کا کام ہی خبر دینا ہوتا ہے لیکن اس خبر سے فوج ، حکومت اور سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا کیوں کہ سول اور ملٹری مل کر ہی ملک چلاتی ہے۔

ایک اور سوال پر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو مدت ملازمت میں توسیع ملنی چاہیے اور انہیں وہ تسلیم بھی کرنی چاہیے، ایسا نہیں کہ آرمی میں اور قابل افسران نہیں لیکن اس وقت تسلسل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اشد ضرورت ہے کیوں کہ وہ اس وقت بہت مقبول ہیں، ان سے لوگوں کو بہت امیدیں وابستہ ہیں اور یہ فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوگا جب کہ مجھے لگتا ہے نوازشریف انہیں ذاتی وجوہات کی بنا پر توسیع نہیں دیں گے تاہم نئے آرمی چیف کا انتخاب وزیراعظم کی صوابدید ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ اڑی جیسے واقعات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ردعمل ہیں، پاکستان بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا بھرپورجواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جب کہ لائن آف کنٹرول پرموجود جوان چوکس ہیں جو بھارت کو ایل اوسی عبور نہیں کرنے دیں گے، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ عمران خان کے دھرنوں سے حکومت جانے والی نہیں اس کے لئے انہیں دھرنوں سے آگے کا پلان کرنا ہوگا جب کہ نواز شریف 2018 تک حکومت میں دکھائی دے رہے ہیں، پیپلزپارٹی نواز شریف کا احتساب نہیں چاہتی، اگر نواز شریف کا احتساب ہوا تو اگلی باری ان کی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں