ابوظبی ٹیسٹ پاکستان ذوالفقار کو آزمانے کا سوچنے لگا

پچ روایتی طور پر بیٹنگ کیلیے سازگار،اختتامی لمحات میں سلو بولرز کو مدد دے گی


Sports Reporter/Sports Desk October 20, 2016
اسپنرز ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، محسن خان۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ابوظبی ٹیسٹ کیلیے پاکستان ذوالفقار بابر کو میدان میں اتارنے کا سوچنے لگا، پچ روایتی طور پر بیٹنگ کیلیے سازگار مگر اختتامی لمحات میں سلو بولرز کو مدد دینے لگتی ہے، دوسری جانب سابق کوچ محسن حسن خان نے بھی کہا کہ اسپنرز ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ابوظبی ٹیسٹ جمعے سے شروع ہوگا، پچ روایتی طور پر بیٹنگ کیلیے سازگار ہے،گذشتہ برس اکتوبر میں ہی انگلینڈ سے ٹیسٹ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا ہوا تھا، پچ بیٹنگ کیلیے سازگار اور پہلی اننگز میں دونوں ٹیموں نے 500 سے زائد رنز بنائے تھے، شعیب ملک اور کک ڈبل سنچریاں داغنے میں کامیاب رہے، البتہ دوسری اننگز میں اسپنرز چھا گئے، پاکستانی ٹیم جلد آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ معمولی رنز کے فرق سے فتح حاصل نہ کر سکا تھا، میچ ڈرا پر ختم ہوا، اب بھی ایسی ہی توقع ہے، اسی لیے پاکستان اسپنر ذوالفقار بابر کو کھلانے پر غور کرنے لگا، ان کی موجودگی میں یاسر شاہ کو خاصی مدد ملے گی۔

دوسری جانب سابق کوچ محسن حسن خان نے بھی اس کی حمایت کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ دبئی کی کنڈیشنز کے مطابق ٹیم میں تیسرے اسپنر کی کمی بُری طرح محسوس ہوئی تھی، دوران میچ ہمارے فاسٹ بولرز جدوجہد کرتے رہے اور تمام تر دباؤ دونوں اسپنرز یاسر اور نواز پر پر رہا، انھوں نے کہا کہ ابوظبی کی کنڈیشنز دبئی ٹیسٹ سے مختلف نہیں ہوں گی، اس میچ میں تجربہ کار ذوالفقار بابر اسپنرز کے سامنے جدوجہد کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کیخلاف کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

محسن خان نے کہا کہ اپنے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں پاکستان کو آسان فتح حاصل ہوسکتی تھی، مگر بعض خامیوں کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا، مقابلے میں سنسنی لانے کا سبب میزبان کھلاڑی ہی تھے جنھوں نے خود اسے اپنے لیے مشکل بنایا، وہ زیادہ بہتر انداز میں میچ کو جلد اپنے حق میں پلٹ سکتے تھے، اس میچ سے کافی سبق سیکھا جاسکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں