پاکستان میں بھارت سمیت تمام ٹاپ ٹیموں کیخلاف دوبارہ کھیلنا چاہتا ہوں یونس خان

پاکستان اور بھارت اپنے کشیدہ تعلقات کو ایک طرف رکھتے ہوئے دو طرفہ کرکٹ شروع کریں، قومی کرکٹر


ویب ڈیسک October 20, 2016
پاکستان اور بھارت اپنے کشیدہ تعلقات کو ایک طرف رکھتے ہوئے دو طرفہ کرکٹ شروع کریں، قومی کرکٹر فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک میں بھارت سمیت تمام ٹاپ ٹیمیوں کے خلاف دوبارہ کھیلنا چاہتا ہوں.

دبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے تجربہ کار بیٹمسین یونس خان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ میں دوبارہ پاکستان میں انڈیا سمیت تمام ٹاپ انٹرنیشنل ٹیمیوں کے خلاف کھیلوں جب کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان اور بھارت اپنے کشیدہ تعلقات کو ایک طرف رکھتے ہوئے دو طرفہ کرکٹ شروع کریں کیوں کہ دونوں ٹیمیں اس وقت سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں عوام کی دلچسپی عروج پر ہوتی ہے جس سے دونوں ملکوں میں اچھی فضا قائم ہوتی ہے لہذا دونوں ٹیمیوں کو باقاعدگی سے کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا چونکہ اس فہرست میں کسی بھی پاکستانی کا نام شامل نہیں ہے اس لیے میں چاہتا ہوں کہ میرا شمار بھی 10 ہزار رنز بنانے والے کرکٹرز میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ میں بہت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے جس سے 5 روزہ میچ میں لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا اور لوگ ٹیسٹ کرکٹ کی باتیں کررہے ہیں۔

واضح رہے یونس خان 108 ٹیسٹ میچوں میں اب تک 32 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی بدولت 9 ہزار456 رنز بناچکے ہیں جب کہ زیادہ سنچریوں اور رنز کا ملکی ریکارڈ بھی ان کے پاس ہیں۔ یونس خان ویسٹ انڈیز کے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں بیماری کے باعث شرکت نہیں کرپائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں