مہدی حسن ٹیسٹ ڈیبیو پر5 وکٹیں لینے والے ساتویں بنگلہ دیشی بولر

پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 258 رنز بنائے


AFP/Sports Desk October 21, 2016
مہدی نے گیری بیلنس کو بھی ایک رن پر چلتا کیا، مہمان ٹیم 21 رنز پر 3 وکٹیں گنوا کر مشکلات کا شکار ہو گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

مہدی حسن ٹیسٹ ڈیبیو پر5 وکٹیں لینے والے ساتویں بنگلہ دیشی بولر بن گئے، ان میں سے چار نے یہ کارنامہ گذشتہ پانچ سال کے دوران انجام دیا، اس عرصے میں کسی ٹیم کی جانب سے بھی پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے تین سے زائد بولرز نے پانچ وکٹیں نہیں لیں۔

مہدی نے18 سال 361 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا، انعام الحق جونیئر واحد ملکی بولر ہیں جنھوں نے ان سے کم عمری میں 5 وکٹیں حاصل کیں،مہدی ٹیسٹ ڈیبیو پر پانچ پلیئرز کو ٹھکانے لگانے والے مجموعی طور پر چوتھے کم عمر بولر بنے۔

چٹاگانگ ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش بیٹسمین اسپن جال میں الجھ کرگر پڑے،ٹاپ آرڈر کا جلد صفایا ہونے کے بعد معین علی اور جونی بیئراسٹوکی ففٹیز نے مکمل تباہی سے بچالیا،مہمان ٹیم نے 7وکٹ 258رنز جوڑے، 18سالہ مہدی حسن ڈیبیو میچ میں 5وکٹیں لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق چٹاگانگ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلش کپتان الیسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا، ڈیبیو کرنے والے بین ڈیکٹ(14) کو 18 سالہ مہدی حسن نے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنایا، کپتان الیسٹر کک کو صرف 4رنز پر شکیب الحسن نے بولڈ کردیا۔

مہدی نے گیری بیلنس کو بھی ایک رن پر چلتا کیا، مہمان ٹیم 21 رنز پر 3 وکٹیں گنوا کر مشکلات کا شکار ہو گئی، جوئے روٹ نے 40 رنز کا سہارا دیا لیکن اسپنر کی تیسری وکٹ بن گئے، بین اسٹوکس 18 رنز بنا پائے تھے کہ شکیب الحسن نے بیلز فضا میں بکھیردیں،اس موقع پر معین علی(68) نے جونی بیئراسٹو(52) کے ہمراہ 88 رنز کی شراکت سے معقول مجموعے کی راہ ہموار کردی، دونوں کا شکار مہدی حسن نے کیا۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 258 رنز بنائے تھے، کرس ووئکس 36 اور عادل راشد 5 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ مہدی حسن نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کے عوض 5 جبکہ شکیب الحسن نے 46دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں