لیموں کے وہ دلچسپ استعمالات جن سے ہم اب تک لاعلم تھے

لیموں کو کھانوں اور مشروبات کے علاوہ بھی کہیں زیادہ مفید کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

لیموں کے فائدے صرف کھانے اور باورچی خانے تک ہی محدود نہیں بلکہ یہ اور بھی بہت سے کام کرسکتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

لیموں جسے عام زبان میں ''نیبو'' بھی کہتے ہیں ہر باورچی خانے کا لازمی حصہ ہے جسے کھانوں کو خوش ذائقہ بنانے سے لے کر مشروبات کی تیاری تک میں عام استعمال کیا جاتا ہے لیکن لیموں اس سے بھی کہیں زیادہ مفید ہے۔ وہ کیسے؟ ملاحظہ کیجئے:

دمے کا علاج



روزانہ کھانے سے پہلے اگر صرف دو کھانے کے چمچے جتنا لیموں کا رس پی لیا جائے تو اس سے دمے کی شدت میں خاصی کمی لائی جاسکتی ہے۔ دمے کے مریضوں کےلئے رات کو سونے سے پہلے اتنی ہی مقدار میں لیموں کا رس پینا زیادہ مفید رہتا ہے۔

داغ دھبوں سے چھٹکارا



داغ دھبوں کی صفائی میں لیموں اپنا ثانی نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے کہ آج کپڑے اور برتن دھونے والی کئی مصنوعات میں بہتر صفائی کےلئے لیموں کے اجزاء شامل کئے جاتے ہیں۔ اگر کپڑے پر دھبہ لگ جائے تو دھبے پر آدھا لیموں اچھی طرح رگڑیئے اور رات بھر کےلئے چھوڑ دیجئے۔ صبح جب آپ اسے دھوئیں گے تو وہ دھبہ غائب ہوچکا ہوگا۔

مضر صحت مواد کا خاتمہ



بازار میں ملنے والے پھلوں اور سبزیوں کو زیادہ دیر تک محفوظ بنانے کےلئے ان پر کچھ خاص لیکن مضرِ صحت کیمیائی مادّوں کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے جو صرف پانی سے دھونے پر ختم نہیں ہوتے۔ انہیں صاف کرنے کےلئے ایک کھانے کا چمچہ لیموں کا رس لے کر اسے پھلوں/ سبزیوں پر لگا کر کچھ دیر چھوڑ دیجئے۔ اس کے بعد جب انہیں پانی سے دھوئیں گے تو یہ نقصان دہ کیمیائی مادّے بھی صاف ہوجائیں گے۔

باورچی خانے کا محافظ



کچن کاؤنٹر اور کٹنگ بورڈ وغیرہ کی دھلائی سے پہلے ان پر کٹا ہوا لیموں رگڑ لیا جائے تو وہ ان پر موجود جراثیم کو ختم کردے گا۔ یعنی صرف صفائی نہیں بلکہ جراثیم کا خاتمہ بھی لیموں کے ذریعے ممکن ہوگا۔

تازگی کی واپسی




اگر ریفریجریٹر میں رکھے ہوئے سلاد کے پتے یا پتوں والی دوسری سبزیاں نرم پڑنے لگیں تو ایک پیالہ ٹھنڈے پانی میں آدھے لیموں کا رس نچوڑ کر حل کرلیجئے۔ اس محلول میں نرم پڑتے ہوئے پتوں کو اچھی طرح بھگو کر ریفریجریٹر میں ایک گھنٹے کےلئے دوبارہ رکھ دیجئے۔ ان کی تازگی بحال ہوجائے گی۔ انہیں جب بھی استعمال کرنا ہو تو ریفریجریٹر سے نکالئے اور صاف پانی سے دھونے کے بعد کچھ دیر خشک ہونے دیجئے؛ ذائقے اور خوشبو میں تازگی آپ خود محسوس کریں گے۔

بدبو سے پاک ریفریجریٹر



اکثر خواتین کو ریفریجریٹر میں ناگوار بدبو کی شکایت ہوتی ہے۔ یہاں بھی لیموں آپ کا مددگار ہے؛ وہ اس طرح کہ لیموں کے چھلکوں کو پوری رات کےلئے ریفریجریٹر میں رکھ کر چھوڑ دیجئے۔ اگر آپ چاہتی ہیں ریفریجریٹر میں بدبو ہونے ہی نہ پائے تو کٹے ہوئے لیموں اس میں ہر وقت رکھئے اور ہر ایک ہفتے یا دس دن میں پرانے لیموں کی جگہ نئے لیموں کاٹ کر رکھتی رہئے۔

کیڑے مکوڑے بھی دُور



لیموں کی خوشبو کیڑے مکوڑوں کو دور بھگانے کا کام بھی کرتی ہے۔ گھر میں چیونٹیوں، لال بیگ اور دوسرے کیڑے مکوڑوں کا راستہ روکنے کےلئے کٹے ہوئے لیموؤں کو دروازوں، کھڑکیوں، دیوار کی دراڑوں، درزوں اور ہر اس مقام پر رکھئے جہاں سے کیڑے مکوڑے گھر میں داخل ہوسکتے ہوں۔

پیتل اور تانبے میں چمک



لیموں کی مدد سے پیتل اور تانبے کے برتنوں کو چمکانا بہت پرانا ٹوٹکا ہے۔ لیموں کا رس نہ صرف پیتل اور تانبے پر جمے ہوئے میل کچیل کو صاف کرتا ہے بلکہ ان کی قدرتی چمک بھی واپس لاتا ہے۔

سبزیوں میں نکھری سفیدی



اگر آپ چاہتی ہیں کہ سفید رنگ والی سبزیوں (مثلاً شلجم اور مولی) کی رنگت بھی پکاتے دوران نکھری ہوئی سفید ہی رہے تو انہیں پکانے سے پہلے (ٹھنڈی حالت میں) ان پر ایک چائے کا چمچہ لیموں کا رس چھڑک دیجئے۔

ضدّی داغوں کو خیرباد



پریشر ککر یا چائے کی دھاتی کیتلی میں اندر کی طرف لگ جانے والے ضدی داغوں کی صفائی بہت پریشان کرتی ہے۔ ان داغوں کو صاف کرنے کےلئے سب سے پہلے کیتلی/ پریشر ککر میں پانی بھرلیجئے اور لیموں کے باریک چھلکے (اچھی خاصی مقدار میں) ڈال کر اتنا گرم کیجئے کہ پانی اُبلنے لگے۔ تھوڑی دیر تک اُبال آنے کے بعد کیتلی/ پریشر ککر کو چولہے پر سے اُتار لیجئے اور ٹھنڈا ہونے دیجئے۔ اب لیموں کے چھلکوں والا پانی بہا دیجئے اور برتن کو سادہ پانی سے دھو لیجئے؛ یہ بالکل نئے جیسا چمک دار ہوجائے گا۔
Load Next Story