ایل او سی پر فائرنگ سے پاکستانی فوجیوں کی شہادت کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے عام شہریوں میں سے بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ترجمان پاک فوج


ویب ڈیسک October 21, 2016
بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے عام شہریوں میں سے بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

ترجمان پاک فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت کا بھارتی دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر ورکنگ باؤنڈری کے قریب شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کا پاکستان رینجرز کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا جس کے بعد بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ اور شیلنگ چک امروگاؤں کے شمال میں کی گئی جس کے نتیجے میں پاک فوج یا رینجرز کا کوئی اہلکار شہید نہیں ہوا اور سیکیورٹی اہلکار کی شہادت سے متعلق بھارتی دعویٰ سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے عام شہریوں میں سے بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے پاکستان کے 7 جوان شہید اور ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔