عمران فاروق قتل کی معلومات کیلیے برطانیہ کوخط لکھ دیارحمن ملک

عوام کوبینظیرقتل کی تحقیقات سے27دسمبر کو آگاہ کرینگے،شریف برادران ڈالروں میں کرپشن کرتے ہیں


Staff Reporter December 14, 2012
گورنرسندھ سے ملاقات،کراچی میں جرائم پیشہ عناصرکیخلاف کارروائی تیزکرنے پر اتفاق فوٹو: اے ایف پی/فائل

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ بینظیربھٹو کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتارکیے جا چکے ہیں، عوام کواس قتل کی تحقیقات اور حقائق سے 27 دسمبریا اس سے قبل آگاہ کردیا جائے گا۔

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا ہے جبکہ اس قتل کی تحقیقات میں متحدہ قومی موومنٹ برطانوی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے جبکہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں دوملزمان کی پاکستان سے گرفتاری کی اطلاعات غلط ہیں ۔وہ جمعرات کو بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، امن وامان اورشہید بینظیر بھٹوکے قتل کی تحقیقات کے حوالے سے گفتگوہوئی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ سے سوال کہ بینظیرقتل کی تحقیقات سے عوام کو کیوں آگاہ نہیں کیا جارہا ؟انھوں نے کہا کہ میں عوام کو بتادینا چاہتا ہوں کہ بینظیربھٹو کے قتل میں ملوث ملزمان کوگرفتارکیاجاچکا ہے ۔

یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باعث حکومت تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پرنہیں لارہی تھی تاہم اب عدالت نے اجازت دیدی ہے۔ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس اور اس حوالے سے برطانیہ میں ایم کیو ایم کے دفاتر پرچھاپوں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات برطانوی حکومت کررہی ہے۔اس حوالے سے جوافواہیں پھیلائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں برطانوی حکومت سے رابطے میں ہے اور وہ مکمل تعاون کررہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت کوخط لکھا ہے۔

8

جس میں کہا گیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین پاکستان کے ایک مقبول عوامی رہنما ہیں اور ایم کیو ایم حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے ، اس قتل کیس کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات سے برطانوی حکومت پاکستانی حکومت کو آگاہ کرے ۔کراچی میں ووٹرلسٹوں کی تیاری اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے میں اس پر زیادہ بات نہیں کرونگا ، تاہم میری ذاتی رائے ہے کہ اگر کسی جماعت کو تحفظات ہیں تو وہ عدالت عظمیٰ سے رجوع کرے۔شریف برادران کی کرپشن کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ایک روپے کی کرپشن نہیں کرتے وہ ڈالروں میں کرپشن کرتے ہیں۔

ان کے کرپشن کیسزنیب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، تاہم حکم امتناع کی وجہ سے کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے ، میں میاں برادران سے سوال کرتا ہوں کہ اگرانھوں نے کرپشن نہیں کی ہے تو خودکو بچانے کے لیے کروڑوں روپے کے وکلا کیوں رکھے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے گورنر ہاؤس میں وفاقی وزیرداخلہ ملاقات کی۔ جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،کراچی میں قیام امن،پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ سمیت دیگراہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ نے اتفاق کیا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں