جعلی پاسپورٹ اسکینڈل ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس سمیت مزید 9 اہلکار گرفتار

ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اےکا نادرا پنجاب کے مختلف دفاتر کا دورہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا،اہم ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپے


5 خواتین ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو نادرا کے حکام کی شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا

مشیر داخلہ رحمٰن ملک کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے چوہدری تنویر کی سربراہی میں منگل کولاہور ایف آئی اے نے پاسپورٹ اسکینڈل کی تحقیقات کاآغاز کرتے ہوئے نادرا پنجاب کے ہیڈکوارٹر سمیت مختلف نادرادفاتر کا دورہ کیا جبکہ اسکینڈل میں ملوث ڈپٹی ڈائریکٹر گارڈن ٹائون پاسپورٹ آفس اقبال شاہد سمیت 9 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 5 خواتین ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو نادرا کے حکام کی شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

ایف آئی اے لاہور کے دفتر میں صبح کے وقت ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں وفاقی وزارت داخلہ کے حکام نے بھی شرکت کی۔ ایف آئی اے نے اسکینڈل کی تحقیقات کیلیے 15 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ایف آئی اے نے اس کیس میں 18 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاہے جن میں سے 12 نامزد ہیں جبکہ4 ٹریول ایجنٹس بھی مقدمے میں ملوث ہیں، ایف آئی اے ٹیم نے نادرا پنجاب ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور وہاں سے متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لینے کے علاوہ سٹاف سے پوچھ گچھ کی جبکہ دوسری ٹیم نے باغبانپورہ اور تیسری ٹیم نے گارڈن ٹائون دفتر جا کر معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ سرکل ناصر جمیل کے مطابق ایف آئی اے کے پاس خواتین کی حوالات نہیں ہے جس وجہ سے خواتین کو شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے اور آج یہ خواتین دوبارہ پیش ہوں گی، معلوم ہوا ہے کہ جعلی پاسپورٹ بنوانے والے مبینہ صحافی کی تصویر فہیم شہزاد نامی اہلکار نے اتاری تھی جبکہ ڈیٹا انٹری غفار اور فنگر پرنٹ اسلم نامی اہلکار نے لیے تھے۔ کاغذات پر دستخظ آصف چوہدری نے کیے جبکہ انٹرویو طلعت چوہدری نے لیا تھا۔

کیس میں ملوث مرکزی کرداروسیاستدان عابدچوہدری کی گرفتاری کیلیے ایف آئی اے نے مختلف مقامات پرچھاپے بھی مارے ہیں۔ اس کیس کے حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے انورورک نے کہا ہے کہ کیس کی تفتیش مکمل میرٹ پر ہوگی اور کسی قصور وار کو چھوڑا نہیں جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈی جی چوہدری تنویر کی سربراہی میں ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ملزموں کی گرفتاری تک بھرپور ایکشن جاری رہے گا۔

خبر نگار خصوصی کے مطابق پاسپورٹ آفس کے فنگر پرنٹ پر تعینات ملازم غفار کے بھی وارنٹ گرفتار جاری کر دیے گئے ہیں، جن پانچ خواتین کو شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے ان میں پروین مجید، رخسانہ مقبول، سمیرا نسیم،عظمیٰ خلق قدسیہ ادری اور نادرا آفیسر سید واصف عباس زیدی شامل ہیں۔

ادھر اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا غائب ہوگیا، آن لائن کے مطابق مشیر داخلہ رحمٰن ملک نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریول ایجنٹ عابد چوہدری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا ہے پیسے لیکر ملک کو بدنام کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں