پی سی بی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے سبز باغ دکھانے لگا

اگلے سال ملکی سرزمین پرایونٹ کیلیے دیگر بورڈز سے بات چیت جاری ہے، نجم سیٹھی


Sports Reporter October 22, 2016
تعلقات معمول پر آنے کے بعد پاک بھارت سیریز ضرور ہوگی، نجم سیٹھی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی عملی اقدامات کے بغیر شائقین کو اگلے سال ملکی سرزمین پر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کرانے کے سبز باغ دکھانے لگا، ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نجم سیٹھی کے مطابق ایونٹ کیلیے دیگر بورڈز سے بات چیت جاری ہے۔

ایک انٹرویو اور لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس مرحلے پر زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتا، مگر پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہونے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے راہ ہموار ہوگی، آئندہ سال چند دیگرغیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی،آسٹریلوی فوج کی کرکٹ ٹیم کو بلانے پر پاکستان آرمی کے مشکور ہیں، اس سے دنیا میں سیکیورٹی کے حوالے سے اچھا پیغام جائے گا۔

گذشتہ دنوں آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نجم سیٹھی نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ برادری کو اب احساس ہوگیاکہ پاکستان کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوئی، خاص کر اس لیے بھی کہ بھارت ہمارے ساتھ کھیلنے سے مسلسل انکار کررہا ہے، اس کے نتیجے میں پی سی بی کو بہت زیادہ مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی تمام تر انٹرنیشنل کرکٹ ملک سے باہر کھیلنا پڑرہی ہے جہاں بہت زیادہ مہنگائی ہے، اسی لیے بورڈ نے آئی سی سی سے مالی مدد کیلیے کہا تھا جسے تسلیم کرلیا گیا، انھوں نے کہا کہ یواے ای کے کرکٹ حکام کو آئی سی سی کے ذریعے یہ سمجھایا جائے گا کہ وہ پی سی بی کو رعایت دیں اوراگر ایسا نہیں تو پھر کونسل اپنے فنڈ سے پاکستان کی مالی مدد کرے گا، انھوں نے کہا کہ پی سی بی سے کہا گیا کہ آپ قرض لے لیں لیکن ہم نے انکار کردیا کہ اپنا حق مانگ رہے ہیں، بھیک مانگنے نہیں آئے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر بھارت اپنے وعدے پورے کرتے ہوئے پاکستان سے کھیلنے پر تیار ہوجائے تو پاکستان کونسل کے فنڈ سے ملنے والے تمام پیسے واپس کردے گا، انھوں نے کہا کہ تعلقات معمول پر آنے کے بعد پاک بھارت سیریز ضرور ہوگی لیکن مشکل یہ ہے کہ جب بھی حالات بہتر ہونے لگیں توکچھ نہ کچھ گڑبڑ ہوجاتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں