بھارت نے سندھ طاس سے متعلق عالمی بینک کی تحقیق میں روڑے اٹکا دیے

انڈس فورم میں موسمیاتی تبدیلیوں کیلیے تحقیق کے مالی وسائل کی تقسیم پربھارت کاعدم اتفاق


سحرش واصف October 22, 2016
ماہرین کا یقین ہے کہ زیورخ اجلاس میں بھارت کی ہٹ دھرمی سندھ طاس معاہدہ کومنسوخ کرنے اورپاکستانی دریاؤں کوخشک کرنے کی بھارتی دھمکی کاتسلسل ہے۔۔ فوٹو: فائل

بھارت پاکستان کوعالمی سطح پرتنہاکرنیکی کوششوں میں ناکام کے باوجود معاندانہ رویہ سے باز نہیں آیا اورمودی حکومت نے اب عالمی بنک کی جانب سے سندھ طاس کے آبی وسائل کے انتظام سے متعلق ایک تحقیقی منصوبے میں روڑے اٹکادیے ہیں۔

رواں ماہ سوئٹزر لینڈکے شہر زیورخ میں ہونے والے 5 روزہ عالمی بنک انڈس فورم میں پاکستان، بھارت ،افغانستان اور چین کے ماہرین نے شرکت کی ہے تاہم اجلاس میں اس مشترکہ تحقیق کیلئے مالی وسائل کی فراہمی پراتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکا۔

یہ بات عالمی موسمیاتی تنظیم کے ایشیا پیسیفک کیلیے نائب صدر غلام رسول نے ایکسپریس ٹریبیون کوبتائی ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے18 ستمبر کومقبوضہ کشمیر میں اڑی کے فوجی کیمپ پرحملہ کے بعد پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کے طور پر سندھ طاس معاہدہ پرنظرثانی کی دھمکی دی تھی ۔مودی کی سندھ طاس معاہدہ سے متعلق دھمکی کے جواب میں پاکستان نے بھارت کومتنبہ کیا تھاکہ سندھ طاق معاہدہ توڑنے کوجنگی اقدام سمجھا جائے گا۔

زیورخ میں منعقدہ ورلڈ بنک انڈس فورم میں پاکستان کی نمائندگی سابق سینیٹر نثارمیمن،ڈاکٹر غلام رسول،دانیال ہاشمی اورعاصم نے کی۔اجلاس میں بھارت کا موقف تھا کہ ڈونر ادارے چاروں ملکوں میں مالی وسائل مساوی تقسیم کریں تاہم پاکستان کاموقف تھا کہ وسائل ہرملک میں سندھ طاس کے پانی کے استعمال کے تناسب سے تقسیم کیے جائیں۔

چین نے اس موقع پر پاکستانی موقف کی حمایت کی جبکہ افغانستان خاموش رہا۔ایک تخمینہ کے مطابق پاکستان سندھ طاس کا63 فیصد پانی استعمال کرتا ہے جبکہ بھارت کاحصہ 36ہے۔محکمہ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا عالمی بنک اس تحقیق کیلئے کسی ڈونرادارے کوتلاش کررہا ہے۔ کام شروع ہونے کی صورت میں آبی وسائل سے متعلق یہ پہلا منصوبہ ہوگاجس میں چارملک مل کرتحقیق کریں گے۔

زیورخ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ہر ملک تحقیق کیلئے اپنے اپنے ادارے کا نام دے گا۔اس تحقیق میں سندھ طاس پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مستقبل میں اثرات، موجودہ صورتحال، منجمد آبی وسائل پرموسمیاتی تبدیلی کے اثرات اورگلیشیئرزکی زندگی پرکام کیا جائے گا۔ماہرین کا یقین ہے کہ زیورخ اجلاس میں بھارت کی ہٹ دھرمی سندھ طاس معاہدہ کومنسوخ کرنے اورپاکستانی دریاؤں کوخشک کرنے کی بھارتی دھمکی کاتسلسل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں