پاناما انکشافات نوازشریف کی سیاہ کاریوں کی داستان ہے جہانگیر ترین

نواز شریف كے جرائم ثابت كرنے كے لیے كسی عدالت یا اس كے فیصلے كی ضرورت نہیں، رہنما تحریک انصاف

نواز شریف كے جرائم ثابت كرنے كے لیے كسی عدالت یا اس كے فیصلے كی ضرورت نہیں، رہنما تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

PESHAWAR:

پاكستان تحریك انصاف كے مركزی سیكرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے كہا ہے كہ نواز شریف كے جرائم ثابت كرنے كے لیے كسی عدالت یا اس كے فیصلے كی ضرورت نہیں کیونکہ پاناما لیكس كے انكشافات كا ایك ایك صفحہ نواز شریف اور اس كے خاندان كی سیاہ كاریوں كی داستان سنا رہا ہے۔



وفاقی وزیر احسن اقبال كے بیان پر ردعمل میں تحریك انصاف كے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا کہ نواز شریف كے جرائم مكمل شواہد اور دستاویز كے ساتھ تحقیقات كے بین الاقوامی كنسورشیم نے دنیا كے سامنے بے نقاب كیے۔ انہوں نے كہا كہ عدالتوں پر یلغار كی تاریخ ركھنے والوں سے عدالت كے فیصلے كے انتظار كی تكرار باعث تعجب ہے، لاہور ہائیكورٹ كے فیصلے كے باوجود نواز شریف نے ممنوعہ علاقوں میں پوری ڈھٹائی سے شوگر ملیں لگائیں، عدالت كو نواز شریف كی معصومیت یا مجرم ہونے سے زیادہ ان كی فرعونیت اور نظام كے كھوكھلے پن پر فیصلہ صادر كرنا ہے۔

جہانگیر ترین كا كہنا تھا كہ عدالت كے سامنے یہ سوال آئیں گے كہ ان گنت اداروں كی موجودگی میں سپریم كورٹ ہی كے سامنے كیوں یہ مقدمہ لایا گیا، انتہائی مفصل شواہد كی موجودگی میں نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر سمیت تمام ادارے مفلوج كیوں ہیں، ریاست كی بنیادوں پر عملی ضرب لگانے والے شخص اور اس كے خاندان كے احتساب كے لیے قوم سڑكوں پر نكلنے پر كیوں مجبور ہے، یرغمال پاكستان اور اس كے محروم باشندوں كے مستقبل كے لیے كئی گنا بڑی كشمكش كے لیے تیار رہنا ہوگا۔
Load Next Story