فیس بک کے نئے فیچرز

سائٹ فلم کے ٹکٹ کی خریداری سے کھانے کے آرڈر تک مختلف آپشن متعارف کرائے گی

فیس بک کے یہ نئے فیچرز اور آپشنز فی الحال صرف اس سائٹ کے امریکا میں مقیم یوزرز کے لیے دست یاب ہوں گے۔ فوٹو: فائل

NEW DELHI:
سوشل میڈیا کے جہاں کی مقبول ترین سائٹ فیس بک نئے ای کامرس فیچرز متعارف کرانے کی طرف بڑھ رہی ہے۔

فیس بک کے یہ نئے متعارف کردہ فیچرز مختلف روزمرہ کی سہولیات کے حصول کے لیے یوزرز کا مشترکہ مقام ثابت ہوں گے۔ ان سہولیات میں کھانے کا آرڈر دینا، کسی فلم کی خریداری اور کسی تفریحی ایونٹ کے ٹکٹ کا حصول شامل ہیں۔

اس کے علاوہ فیس بک کی اپ ڈیٹ میں اب بزنس پیجز مزید براہ راست رابطوں کے آپشنز کے ساتھ سامنے آئیں گے۔ مثال کے طور پر استعمال کنندہ کے علاقے میں قائم ریستوراں کی فوڈ ڈیلیوری کی پیشکش اسے فیس بک پر دست یاب ہوگی، جس پر یوزر متعلقہ پیج پر جاکر ایف بی کے ذریعے ہی آرڈے دے سکے گا۔ اس طرح فیس بک نے فوڈ انڈسٹری کو بہت بڑی مارکیٹ فراہم کردی ہے۔

دوسری طرف فیس بک نے حال ہی میں ایک ویب سائٹ سے شراکت کار کا معاہدہ کیا ہے، جس کے بعد امکان ہے کہ ایف بی اپنے یوزرز ایک آپشن فراہم کرے گی، جس کے ذریعے ایف بی کے استعمال کنندگان کسی فلم کے آفیشل پیج پر جاکر اس فلم کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔


فیس بک سیلونز کے حوالے سے بھی ایک آپشن متعارف کرارہا ہے۔ "get quote" کے حوالے سے متعارف کرایا جانے والا یہ آپشن سیلونز میں خدمات حاصل کرنے کے لیے ریکویسٹ بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

"recommendations" کے عنوان سے ایک اور فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو آپ کی فیس بک پوسٹس کا حصہ ہوگا۔ یہ فیچر یوزر کو مقامی بزنسز سے متعلق اپنی فرینڈ لسٹ میں موجود افراد کو مشورہ دینے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس فیچر کے تحت فیس بک کے پیج کی سائڈبار پر recommendation بک مارک بھی دیا جائے گا۔

آنے والے ہفتوں میں فیس بک ایک اور نیا آپشن بھی سامنے لائے گا، جس کے ذریعے اس سائٹ کے استعمال کنندگان جان پائیں گے کہ ان کے علاقے میں کیا ہورہا ہے۔

فیس بک کے یہ نئے فیچرز اور آپشنز فی الحال صرف اس سائٹ کے امریکا میں مقیم یوزرز کے لیے دست یاب ہوں گے۔

 
Load Next Story