صرف چوکے چھکے مارنے پر یقین نہیں رکھتا شرجیل خان

میرا اپنا سٹائل ہے، ہر میچ میں کارکردگی دکھانا اور پاکستان کی جیت میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہوں

کرکٹ ضرور کھیلیں لیکن اس کے ساتھ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھیں۔ فوٹو: فائل

دسمبر 2013میں ڈیبیو کے بعد شرجیل خان کا کیریئر اتار چڑھاؤ کا شکار رہا،گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ میں سنچری اننگز سے سلیکٹرز کی توجہ دوبارہ حاصل کرنے والے اوپنر کم بیک کے بعد اچھی کارکردگی سے محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے کوشاں ہیں، اپنی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے میچ کا نقشہ بدل دینے کی صلاحیت رکھنے والے کرکٹر کیساتھ خصوصی گفتگونذر قارئین ہے۔

ایکسپریس: آپ نے اپنا کافی وزن کم کیا ہے، سخت گرمی میں ٹریننگ کا اثر ہے یا کوئی ڈائٹنگ پلان بنایا ہوا ہے؟

شرجیل خان: جی ہاں، وزن کم کرنے کی مہم دورہ انگلینڈ سے پہلے کاکول اکیڈمی کیمپ میں شروع ہوئی، پاک آرمی کے ساتھ ٹریننگ کے بعد خود بھی فٹ رکھنے کے لیے سخت محنت کیساتھ ساتھ خوراک کا بھی خاص خیال رکھ رہا ہوں۔

ایکسپریس: شاہد آفریدی اور کرس گیل اپنے چھکوں کی وجہ سے بہت مشہور ہیں،کیا آپ اسی طرح کی کرکٹ کھیلیںگے کہ اگر 10میچز میں سے ایک میں بھی چل گئے تو واہ واہ ہو جائے؟

شرجیل خان: میرا اپنا سٹائل ہے، ہر میچ میں کارکردگی دکھانا اور پاکستان کی جیت میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہوں، میں اپنی نیچرل گیم کھیلتا ہوں، صرف چوکے، چھکے مارنے پر یقین نہیں رکھتا، بال کو میرٹ پر کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، شاٹ سلیکشن میں کچھ بہتری لانے کی ضرورت ہے، اس پر میں کام کررہا ہوں۔

ایکسپریس: پی ایس ایل آپ کے لیے بہت اچھا ثابت ہوا ایک میچ میں سنچری بنائی، دوسرے روز قومی ٹیم میں منتخب ہوگئے؟

شرجیل خان: پی ایس ایل میں بھی اپنی نیچرل گیم کھیلا، کارکردگی اچھی رہی جس کی وجہ سے سلیکٹرز کی نظروں میں آگیا، لیگ نہ صرف میرے بلکہ کئی کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کا ذریعہ بنی۔

ایکسپریس: آئندہ ایڈیشن کے لیے کیا پلان ہیں؟

شرجیل خان: اسلام آباد یونائٹیڈ کی طرف سے ہی کھیلوں گا، انشاللہ ایک بار پھر چیمپئن بنیں گے، ہماری ٹیم بہت متوازن اور ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہے،تجربہ کار کپتان مصباح الحق کی قیادت بھی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ایکسپریس: پاکستانی کرکٹرز میں کس کو زیادہ پسند کرتے ہیں؟


شرجیل خان: بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سعید انور فیورٹ ہیں، ان کا سٹائل بہت اچھا اور شاٹ سلیکشن بہترین ہوتی تھی، سابق اوپنر کیساتھ رابطے میں رہتا ہوں اور بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، غیرملکی کرکٹرز میں ایڈم گلکرسٹ پسندیدہ ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر میں مثبت کرکٹ کھیلی۔

ایکسپریس: کس ملک میں کرکٹ کھیل کر زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں؟

شرجیل خان: ایشیا کے بہت سے ملکوں، سری لنکا، بنگلہ دیش وغیرہ میں کھیل چکا ہوں لیکن انگلینڈ میں کھیل کر بہت مزہ آیا۔

ایکسپریس: کھانے میں زیادہ کیا پسند کرتے ہیں؟

شرجیل خان: ویسے تو سارے ہی پاکستانی کھانے پسند ہیں لیکن بریانی بہت شوق سے کھاتا ہوں۔

ایکسپریس: فلمیں اور ڈرامے دیکھتے ہیں؟

شرجیل خان: ہمارے پاس وقت بہت کم ہوتا ہے لیکن جب کبھی وقت ملتا ہے دیکھ لیتا ہوں۔

ایکسپریس: موسیقی سے لگاؤ ہے؟

شرجیل خان: نصرت فتح علی خان، راحت فتح علی خان کو سنتا ہوں، اس کے علاوہ بھی پاکستانی موسیقی پسند ہے لیکن زیادہ سننے کا وقت نہیں ملتا۔

ایکسپریس: نوجوانوں کے لیے کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟

شرجیل خان: کرکٹ ضرور کھیلیں لیکن اس کے ساتھ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھیں۔
Load Next Story