اسلام آباد بند کرنا سراسرغداری اور ریاست کے خلاف بغاوت ہے محمد زبیر

عمران خان کی خواہش ہے کہ اسلام آباد میں لاشیں اٹھیں، وزیر مملکت برائے نجکاری


ویب ڈیسک October 23, 2016
عمران خان بدنظمی کے ذریعے حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں، وزیر مملکت برائے نجکاری۔ فوٹو : فائل

وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان بدنظمی کے ذریعے حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ دارالحکومت میں لاشیں اٹھیں جب کہ اسلام آباد بند کرنا سراسرغداری اور ریاست کے خلاف بغاوت ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر عمر کا کہنا تھا کہ 1983 سے لیکر 2015 تک عمران خان نے بہت سی کرپشن کی،انہوں نے 93 میں فلیٹ خریدا اور 99 تک چھپاکے رکھا، عمران خان نے سال2000 میں یہ فلیٹ اس وقت ظاہر کیا جب پرویز مشرف نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم شروع کی، عمران خان نے جب 1983 میں آف شور کمپنی بنائی تو کسی کو پاکستان میں علم بھی نہیں تھا کہ آف شور کیا ہوتا ہے لہذا دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنادامن صاف کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 33 سال تک اپنی آف شورکمپنی کیوں چھپائی، عمران خان تکنیکی فراڈ کرتے تھے جو چیز خریدتے خود تھے پھر بیوی کے نام کردیا کرتے تھے اور پھر بیوی دوبارہ عمران خان کے نام کردیتی تو اُسے وہ گفٹڈ کہتے ہیں لیکن 1983 سے 2016 تک عمران خان نے جو کرپشن کی ہے اُسے اب بے نقاب کریں گے۔

وزیر مملکت برائے نجکاری نے کہا کہ عمران خان نے آج تک کبھی اپنی وہ آمدن نہیں بتائی جس سے انہوں نے ساڑھے تین کروڑ روپے سے مکان بنایا،انہوں نے 2014 میں گرینڈ حیات میں فلیٹ کی خریداری کی لیکن اس کا کہیں اثاثہ جات میں ذکر نہیں جب کہ آج تک وہ بنی گالا کا گھر سابقہ بیوی کا تحفہ بتاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالادھن کو سفید کرنے والےعمران خان ہمیں لیکچردیتے ہیں اور خود عمل نہیں کرتے، بے نامی ٹرانزیکشن خود کرتے رہے ہیں جس کا الزام وہ لوگوں پر لگاتے ہیں لہذا عمران خان پہلے اپنا دامن صاف کریں پھر کسی پر کرپشن کا الزام لگائیں جب کہ عمران خان کے تمام غیر قانونی دھندوں کے ثبوت موجود ہیں، انہوں نے کب کب ٹیکس بچایا، کیسے مالی بدعنوانیاں کیں ان کے ثبوت ہم دیں گے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ عمران خان بدنظمی کے ذریعے حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اسلام آباد میں لاشیں اٹھیں جب کہ دارالحکومت کو بند کرنا سراسرغداری اور ریاست کے خلاف بغاوت ہے، پتہ نہیں اسلام آباد کو بند کرکے وہ عوام سے بدلہ کیوں لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسلام آباد کے اسکول بھی بند کرائیں گے، آپ لوگوں سے اپیل تو کر سکتے ہیں مگر زبردستی کیسے کی جا سکتی ہے۔

وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ جسٹس(ر) وجیہہ الدین اور تسنیم نورانی سمیت جنرل حامد کو عمران خان نے خود مقرر کیا لیکن جب تینوں نے پی ٹی آئی کے لوگوں کی کرپشن ثابت کی تو انہیں ہی ہٹا دیا گیا،جنرل حامد نے ان کے اپنے وزرا کی کرپشن کا پردہ چاک کیا اور وجیہہ الدین نے پارٹی الیکشن میں دھاندلی کی رپورٹ دی لیکن انہی کو ہٹا دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں