طالبان نے افغان پولیس کیمپ پر حملے کی ڈرون کیمرے سے بنی ویڈیو جاری کردی

افغانستان کے صوبہ ہلمند میں کارسوار خودکش بمبار نے پولیس کیمپ میں داخل ہوکر باردو سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑا دی۔

افغانستان کے صوبہ ہلمند میں کارسوار خودکش بمبار نے پولیس کیمپ میں داخل ہوکر باردو سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑا دی۔۔ فوٹو: بشکریہ الجزیرہ

ISLAMABAD:
طالبان نے افغانستان کے صوبہ ہلمند میں ایک پولیس بیس کو نشانہ بنایا جس کی ڈرون سے بنی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق طالبان کے خودکش بمبار نے صوبہ ہلمند میں واقع پولیس بیس پرحملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس چیف سمیت متعدد اہلکار ہلاک اور عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ طالبان نے 23 منٹ پر مبنی حملے کی ڈرون فوٹیج بھی جاری کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خودکش بمبار حملے سے قبل افغان حکومت کو دھمکیاں دے رہا ہے جس کے بعد وہ گاڑی میں سوار کو پولیس بیس کے اندر داخل ہوکر گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیتا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ طالبان نے حکومتی املاک کو نشانہ بناتے وقت اسے ڈرون کیمرے سے فلمایا ہو جب کہ ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ طالبان نے حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے افغان حکومت کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔


دوسری جانب وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے حملے میں ڈرون کیمروں کا استعمال کرکے اسے بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے اور اس کا مقصد لوگوں میں خوف پیدا کرنا ہے تاہم ڈرون کیمرہ کسی بھی دکان سے خرید کر کہیں بھی اڑایا جاسکتا ہے جب کہ رواں سال جولائی میں حکومت نے حساس مقامات کے قریب ڈرون کیمروں کی پرواز پر مکمل پابندی لگا رکھی ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ہلمند حملہ ثابت کرتا ہے کہ ہم افغان عوام تک اپنا پیغام پہنچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، اپنے دشمنوں کو تباہ کرنے کے لئے کسی بھی حد تک اور کوئی بھی ٹیکنالوجی استعمال کرنا پڑی تو اسے پوری طاقت سے استعمال کیا جائے گا۔

https://www.dailymotion.com/video/x4yojzq_afghan-taliban-drone_news
Load Next Story