بھارت نے تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

نیوزی لینڈ کا 286 رنز کا ہدف بھارت نے کوہلی کے 154 رنز کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔


ویب ڈیسک October 23, 2016
نیوزی لینڈ کا 286 رنز کا ہدف بھارت نے کوہلی 154 رنز کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: بھارت نے تیسرے ایک روزہ میچ میں ویرات کوہلی کے شاندار 154 رنز کی بدولت مہمان نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچز کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

چندی گڑھ کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 285 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جب کہ میزبان بھارت نے ویرات کوہلی کے شاندار 154 رنز کی بدولت ہدف 48.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہ رہا اور 13 کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز اجنکایا ریہانے 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد روہت شرما بھی 13 رنز بنا سکے تاہم کپتان ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی نے تیسری وکٹ پر 151 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 192 تک پہنچا تو دھونی 80 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ویرات کوہلی نے ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 134 گیندوں پر 154 رنز بنائے جب کہ منیش پانڈے 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 46 رنز کی شراکت قائم کی تو گپٹل 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹام لیتھم 61، کپتان کین ولیمسن 22، روس ٹیلر 44، کوری اینڈرسن 6، جیمز نیشام 57، مچل سینٹنر7، ٹم ساؤتھی 13 اور لیوک رونچی ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ میٹ ہینری 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے اومیش یادیو اور کیدر جادوا نے 3،3 جب کہ جیسپرٹ بمراہ اور امیت مشرا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں