پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہو چکا ہے سربراہ پاک فوج

قیام امن کے لئے آپریشن ضرب عضب ایک بڑی مثال ہے، جنرل راحیل شریف


ویب ڈیسک October 23, 2016
قیام امن کے لئے آپریشن ضرب عضب ایک بڑی مثال ہے، جنرل راحیل شریف. فوٹو:فائل

KARACHI: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قیام امن کے لئے آپریشن ضرب عضب ایک بڑی مثال ہے جب کہ پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہو چکا ہے۔



ترجمان پاک فوکے کے مطابق فورٹریس اسٹیڈیم لاہور میں انٹرنیشنل پیسز چیمئپن شپ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی نے دہشت گردی کے خلاف اپنا لوہا منواہا جب کہ امن کے لیے آپریشن ضرب عضب دنیا کے لیے بڑی مثال ہے جس کے ذریعے ملک سمیت خطے میں استحکام آیا،آج بہادر جوان فخر سے دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ پاک افغان سرحد کے دور دراز علاقوں سے بھی دہشتگرد نیٹ ورکس کا صفایا کردیا گیا ہے اور علاقے میں امن و خوشحالی کی فضا قائم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے رحم دشمن کو شکست دینے کے بعد ہمیں ترقی کے راستے پر آگے بڑھنا ہے۔ پاک فوج کی صلاحیتوں کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھرپور اظہار ہوا اور ہمارے جوانوں نے بڑے بڑے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور ایسی کامیابیاں فوجی افسروں اور جوانوں کی بہترین جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں سے ہی حاصل کی جاسکتی ہیں، اس میں مقصد سے اخلاص اور درست سمت کے تعین نے بھی اہم کردار ادا کیا۔





سربراہ پاک فوج نے انٹرنیشنل پیسز چیمئپن شپ کے کامیاب انعقاد پر آرمی کے افسران اور جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان مقابلوں کے انعقاد سے 18 ممالک کی فوجوں کے جوانوں کو اکٹھے ہونے کا موقع ملا، یہ اپنی قسم کا منفرد مقابلہ تھا اور اس سے بھائی چارے اور باہمی تعاون کے فروغ کا بھی موقع ملا،مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں کا انعقاد کرایا جائے گا،کھیلوں کے انعقاد سے تمام ملکوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے، پاک آرمی کے جوان چست، پھرتیلے اور ہوشیار ہیں۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ غیرملکی مہمان پاکستان کی خوبصورتی اور پاکستانیوں کی میزبانی سے لطف اندوز ہوئے ہونگے، پہلا بین الاقوامی پیسز کمپیٹیشن بڑی کامیابی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں