مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے گھروں پر چھاپے اور لوٹ مار درجنوں شہری گرفتار

انتفادہ کا 107واں روز، قابض فوج کا خواتین، بچوں، بوڑھوں پر تشدد


News Agencies October 24, 2016
ضلع کپواڑہ میں بھی بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، ادھم پور میں بھارتی فوجی افسر نے خودکشی کر لی فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیرمیں کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے کرفیو، پابندیوں اور بے گناہ شہریوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں جاری انتفادہ کو اتوار کو 107 روزہو گئے۔ مقبوضہ کشمیرپربھارت کے غیرقانونی قبضے اور قابض بھارتی فورسزکے ہاتھوں نہتے شہریوں کے قتل عام کے خلاف اتوار کو مسلسل 107ویں روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ تمام مرکزی بازار اور کاروباری ادارے بند رہے جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بہت کم تھی۔

بھارتی پولیس نے سری نگر کے علاقے برزلہ کا محاصرہ کر کے 20 افراد کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار گھروں میں داخل ہو گئے اور خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت مکینوں کو مار پیٹ کا نشانہ بنانے کے علاوہ نوجوانوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ایک خاتون نے میڈیاکوبتایاکہ اس کی بیٹی کی اگلے ماہ شادی ہے، پولیس اہلکاروں نے اس کے گھر پر چھاپ مارااورتمام زیورات لوٹ لیے جبکہ اس کے شوہر اور بیٹے کو گرفتار کرلیا۔ شہریوں نے کہا کہ بھارتی پولیس اہلکار ان کے موبائل فون بھی لے گئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ انھیں نمازفجر بھی ادا نہیں کرنے دی گئی۔

بھارتی فوج اور پولیس نے ضلع کپواڑہ میں بھی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران55 شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ کے مظالم کیخلاف پریس کالونی سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے اتحاد 'ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی' کے صدر اور جموں و کشمیر ٹیچرز فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی کو آزادی کے حق میں مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں ملازمت سے معطل کر دیا۔ انتظامیہ نے 5 ہزار ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ 3 ماہ سے روک رکھی ہیں۔ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کٹھ پتلی انتظامیہ کے ناروا اقدامات کے خلاف کل یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ انتفادہ کے نتیجے میں کشمیریوں کو سیاسی، سفارتی اور عالمی سطح پر بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن کے دور رس اثرات مرتب ہوںگے اور تحریک آزادی کو فتح حاصل ہوگی۔ جموں وکشمیر فریڈم موومنٹ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تحریک آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی ترک کر کے تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی طرف پیش رفت کرے۔ اے پی پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع ادھم پور میں بھارتی فوج کے ایک جونیئر کمیشنڈآفیسرمانجو ناتھ نے خودکشی کرلی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 41سالہ جے سی او نے ادھم پور میں قائم اپنے کیمپ کے رہائشی کوارٹر میں پنکھے کے ساتھ لٹک کرخود کشی کی۔ اس تازہ واقعے سے جنوری2007 سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 370ہو گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں