شہریارخان نے دوبارہ چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا

ہاتھ میں چھڑی اور سر پر کیپ لیے دوپہرکوآفس آئے،سیٹھی و سبحان سے ملاقاتیں


Sports Reporter October 25, 2016
مختلف اہم امور زیر غور آئے،آج پریس کانفرنس میں مستقبل کا پلان ظاہرکریںگے ۔ فوٹو : فائل

شہریارخان نے دوبارہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال لیا، وہ گذشتہ روز 2 گھنٹے قذافی اسٹیڈیم میں موجود رہے،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے آئی سی سی اجلاس پر بریفنگ دی، بعد ازاں ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے ملاقات میں مختلف امور زیر غور رہے۔

تفصیلات کے مطابق سانس لینے میں تکلیف محسوس کرنے پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے دل کا آپریشن انگلینڈ میں ہوا تھا، اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے انھیں آرام کا مشورہ دیا تھا،سابق سفارتکار 2 ماہ تک لندن میں اپنی رہائش گاہ پر مقیم رہے،قواعد کے مطابق گورننگ بورڈ کی جانب سے کسی قائم مقام چیئرمین کا تقرر نہ کیے جانے پر اطلاعات گردش میں تھیں کہ سابق سفارتکار شاید اپنا عہدہ چھوڑ دیںگے لیکن انھوں نے وطن واپسی کے بعد اگلے ہی روز آسٹریلوی آرمی کرکٹ ٹیم کو دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی، پیر کو وہ ہاتھ میں چھڑی اور سر پر کیپ لیے دوپہر 12بجے پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم آئے اور2گھنٹے قیام کیا، ان کی آمد سے مخالفین کو شدید زک پہنچی ہے۔

شہریار خان کو پہلے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے آئی سی سی اجلاس پر بریفنگ دی، بعد ازاں ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی، بورڈ کے ملازمین ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے اچھی صحت کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے نظر آئے، گھر روانگی کے وقت نجم سیٹھی ان کو رخصت کرنے کیلیے گاڑی تک آئے، چیئرمین پی سی بی منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرکے میڈیا کے نمائندوں کو مستقبل کے پلان سے آگاہ کریںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں