کارکردگی بہتربنائیں ورنہ کہیں اورکام ڈھونڈیں مراد علی شاہ کی سرکاری افسران کو وارننگ

میں اکیلا ہرچیزپرنظررکھتا ہوں لیکن آپ لوگوں سے صرف اپنے ڈیپارٹمنٹس میں کام نہیں ہوپارہا ہے، وزیراعلی کی افسران پربرہمی


ویب ڈیسک October 25, 2016
اگرٹھیکے دینے کے کام میں میرٹ نظر انداز کیا گیا تو میں نہیں چھوڑوں گا، وزیر اعلی: فوٹو: فائل

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں ورنہ کہیں اور کام ڈھونڈیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبے بھر میں میگا پروجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری بلدیات اوردیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے خصوصی کراچی پیکج کے تحت تیار ہونے والے منصوبوں کے ٹینڈرز نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی کارپٹنگ اور اسنارکلز کی خریداری کے ٹینڈرز ابھی تک کیوں جاری نہیں ہوئے، یونیورسٹی روڈ کا منصوبہ بہت اہم ہے، تاخیر کا مطلب شہریوں کو مزید تکلیف دینا ہے، اگر ٹھیکے دینے کے کام میں میرٹ نظر انداز کیا گیا تو وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے، مجھے اگر کسی کے خلاف شکایت ملی تو وہ نوکری پر نہیں رہے گا۔

اجلاس میں وزیراعلی نے افسران پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اکیلا ہر چیز پر نظر رکھتا ہوں لیکن آپ لوگوں سے صرف اپنے ڈیپارٹمنٹس میں کام نہیں ہوپارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں ورنہ کہیں اور کام ڈھونڈیں۔

وزیراعلی نے اجلاس میں چیف سیکریٹری صدیق میمن کوطلب کرتے ہوئے انہیں کراچی میگا پروجیکٹس کی پیش رفت پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلی نے کراچی کے پروجیکٹس مستند ٹھیکیداروں کے ذریعے معیاری طریقے سے مکمل کئے جانے کی بھی ہدایت دی جب کہ شارع فیصل کی ایک لین بڑھانے اورفٹ پاتھ سمیت نکاس کو بہتر کرنے کا فیصلے سمیت بلوچ کالونی فلائی اوورکے اطراف کی سڑکیں بہتر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں