2012ء میں کرینہ پریانکا ودیا کترینہ سوناکشی اور آسن چھائی رہیں

’’دی ڈرٹی پکچر ‘‘ کے چرچے ابھی ختم بھی نہ ہوئے تھے کہ ان کی ایک اور فلم ’’کہانی‘‘ ریلیز ہوگئی

اداکارائوں کی کامیابی سے ثابت ہوا کہ بالی وڈ فلموں کی ہیروئنز محض شوپیس نہیں ہوتیں بلکہ فلموں کی کامیابی کے لیے ان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ فوٹو : فائل

لاہور:
سال 2012ء کئی بالی وڈ ہیروئنز کی جھولی میں انمول کامیابیاں ڈال کر جارہا ہے۔ پریانکا چوپڑا، ودیا بالن، کرینہ کپور، کترینہ کیف، سوناکشی سنہا اور آسن پورے سال اسکرین پر چھائی رہیں۔

اداکارائوں کی کامیابی سے ثابت ہوا کہ بالی وڈ فلموں کی ہیروئنز محض شوپیس نہیں ہوتیں بلکہ فلموں کی کامیابی کے لیے ان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی اس سال دو فلمیں ''اگنی پتھ'' اور ''برفی'' ریلیز ہوئیں ۔'' اگنی پتھ'' میں انھوں نے ممبئی کی جھونپڑ پٹی میں رہنے والی روایتی مراٹھی لڑکی کا کردار ادا کیا تو ''برفی '' میں وہ دماغی طور پر کمزور لڑکی کے روپ میں نظر آئیں۔دونوں ہی فلمیں ہٹ ہوئیں،'' اگنی پتھ'' نے تو 100کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا اور ایک نیا ریکارڈ بنایا۔اداکارہ ودیا بالن ہندی فلموں میں نیا جنم ہوا۔ فلم ''دی ڈرٹی پکچر ''نے ان کی اب تک کی امیج کویکسر ہی تبدیل کرڈالا۔فلم سپر، ڈوپر ہٹ ہوئی۔

''دی ڈرٹی پکچر '' کے چرچے ابھی ختم بھی نہ ہوئے تھے کہ ان کی ایک اور فلم ''کہانی'' ریلیز ہوگئی جس نے وویا کو سپرہٹ ہیروئنز کی فہرست میں شامل کرادیا۔ ''فراری کی سواری''اس سال ریلیز ہونے والی ان کی تیسری فلم تھی جس میں ان کا صرف ایک آئٹم سانگ تھا لیکن چونکہ پہلی دو فلموں نے باکس آفس پر اس قدر ادھم مچایا تھا کہ ''فراری کی سواری'' کا آئٹم سانگ کوئی کمال نہ کرنے کے باوجود ودیاکو شہرت سے دور نہ کرسکی۔اداکارہ کرینہ کپور بھی اس سال اپنی تین فلموں کے سبب باکس آفس کی ملکہ کہلانے کی حقدار رہیں۔''ایک میں اور ایک تو''، ''تلاش'' اور ''ہیروئن'' ریلیز ہوئیں ۔ فلم ''تلاش '' نے اس سال بڑا منافع کمایا۔یہ فلم کرینہ کی کامیاب ترین فلموں کی فہرست میں ایک اوراضافہ ثابت ہوئی۔




دوسری جانب اس سال وہ سیف علی خان کے ساتھ شادی کی وجہ سے بھی خبروں میں رہیں اور تقریباً سارا سال ہی ان کے چرچے ہوتے رہے۔اداکارہ کترینہ کیف نے آئٹم سانگ ''چکنی چنبیلی''کرکے خوب نام کمایا اور اس سال ریلیز ہونے والی ان کی فلم ''ایک تھا ٹائیگر'' نے اس ناموری کو مزید روشن کیا'لیکن ''جب تک ہے جاں'' رواں سال کی سب سے بڑی کامیابی اورشہرت کی وجہ بنی ۔مذکورہ فلم سال رواں کے آخری مہینوں میں ریلیز ہوئی اور ابھی تک کامیابیاں اورشہرت سمیٹنے میں مصروف ہے ۔

اداکارہ سوناکشی سنہاکترینہ کے بعد اس سال کی سب سے کامیاب ہیروئن رہیں۔ ان کی دو فلموں '' راوڈی راٹھور'' اور ''سن آف سردار'' نے 100کروڑ روپے کا بزنس کیا 'جب کہ سوناکشی اس حوالے سے بھی قسمت کی دھنی ہیں کہ ان کی پہلی ہی فلم ''دبنگ '' نے بھی 100کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔ اگلے ہی ہفتے ان کی ایک اور فلم '' دبنگ ٹو''ریلیز ہونے جارہی ہے۔ بڑی کاسٹ اور بڑے بینر کے سبب ابھی سے اس کی کامیابی کی توقع کی جارہی ہے۔اداکارہ آسن کترینہ اور سوناکشی کے بعد تیسرے نمبر کی ہیروئن ہیں جنہوں نے اس سال باکس آفس پر دھمال ڈالا اور ''بول بچن'' اور ''ہاوس فل ٹو'' جیسی فلموں کے ذریعے اپنا نام 100کروڑ کا بزنس دینے والی ہیروئنز میں اپنا نام لکھوایا۔
Load Next Story