ویسٹ انڈین قائد نے مسلسل شکستوں کا ملبہ ناتجربہ کاری پر ڈال دیا

ایک عشرے سے بگڑے ہوئے معاملات فوری طورپردرست نہیں ہو سکتے، ہولڈر


Sports Desk October 26, 2016
بطور کپتان کوئی دباؤ نہیں، اپنا کام بخوبی سرانجام دینے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہوں، ہولڈر۔ فوٹو: فائل

ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے پاکستان سے شکستوں کا ملبہ ٹیم کی ناتجربہ کاری پر ڈال دیا،ان کا کہنا ہے کہ ایک عشرے سے بگڑے ہوئے معاملات فوری طور پر درست نہیں ہوسکتے، کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے مزید وقت درکار ہوگا۔

ابوظبی ٹیسٹ میں شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں لیکن اہم لمحات میں ناتجربہ کاری آڑے آجاتی ہے، پاکستان کی پہلی اننگز میں ہم نے آغاز میں ہی بہت زیادہ رنز دے دیے، یونس اور مصباح الحق کے کیچز بھی ڈراپ ہوئے، تجربہ کار بیٹسمینوں کو اس طرح کا موقع دینے کے بعد دباؤ برقرار رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔

جیسن ہولڈر نے کہا کہ بیٹنگ میں کھلاڑیوں نے قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزاحمت کی لیکن فتوحات کیلیے کارکردگی میں تسلسل کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہولڈر نے کہا کہ بطور کپتان کوئی دباؤ نہیں، اپنا کام بخوبی سرانجام دینے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہوں لیکن کامیاب ٹیم بننے کیلیے نوجوانوں کو مواقع دینا اور انتظار کرنا ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں