مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وفد کی میر واعظ گیلانی سے ملاقاتیں یاسین ملک کا انکار

وفد کی آمد پر لوگوں نے ’’گو انڈیا گو‘‘ کے نعرے لگائے، آزادی چاہتے ہیں، میر واعظ


News Agencies October 26, 2016
کئی علاقوں میں مظاہرے، 2 اسکول نذر آتش، کٹھ پتلی وزیر کے گھر پر فائرنگ، مزید 4 افراد پر کالا قانون لاگو کر دیا گیا۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت پسند رہنما میرواعظ عمرفاروق کو 2 ماہ کی اسیری کے بعد رہا کر دیا ہے اور بھارت کے سابق وزیر خارجہ اور بی جے پی کے رہنما یشونت سنہا کی قیادت میں ایک وفد نے ان سے ملاقات کی۔

یشونت سنہا نے دعوی کیا کہ یہ کوئی سرکاری وفد نہیں ہے، تاہم ان کے ساتھ ڈیڑھ گھنٹے کی ملاقات کے بعد میرواعظ عمر فاروق نے بتایا اگر یہ حکومت کا بھی وفد ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم نے ان سے کہا ہے کہ وہ جاکر حکومت ہند کو بتا دیں کہ لوگ یہاں آزادی چاہتے ہیں۔ اس وفد نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

وادی کے دورے پر آیا یہ وفد جب سید علی گیلانی اور میراعظ عمر کی رہائشگاہوں سے رخصت ہوا تو وہاں پر موجود لوگوں نے 'گو انڈیا گو بیک' اور آزادی کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ میر واعظ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جمعہ کو کرفیو اور پابندیوں کوتوڑتے ہوئے نماز جمعہ جامع مسجد سرینگر میں ادا کریںگے۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے بھارتی وفد کیساتھ ملاقات سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کیخلاف بھرپور جنگ چھیڑ رکھی ہے، اس صورتحال میں بھارتی وفود سے ملاقاتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔ واضح رہے کہ کشمیر کا دورہ کرنے والے اس بظاہر غیرسرکاری وفد کے سبھی ارکان کشمیر کے بارے میں ٹریک ٹو مذاکرات یا خفیہ ڈائیلاگ کا حصہ رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وادی کشمیر میں ہڑتال کی وجہ سے منگل کو مسلسل 109ویں روز بھی معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ فورسز نے ضلع اسلام آباد کے متعدد دیہات کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی میں متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ سرینگر اور اسلام آباد کے اضلاع میں سکولوں کی دو عمارتوں کو نذر آتش کردیا گیا۔

پلوامہ میں خواتین نے بھارت مخالف ریلیاں نکالیں۔ نامعلوم افراد نے جنوبی کشمیر میں ویر سری گفوارہ میںکٹھ پتلی وزیر برائے تعمیرات عامہ و باغبانی عبدالرحمان ویری کے آبائی گھر پر فائرنگ کی تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع بانڈی پورہ میں مزید 4 کشمیریوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کردیا۔

دریں اثناء مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے69 سال مکمل ہونے پرکشمیری کل دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں گے اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو قراردادیں پیش کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |