آئندہ ماہ دورہ پاکستان تاریخوں پر بات چیت شروع کردی بنگلہ دیش

سیکیورٹی معاملات سے مطمئن ہیں،غیرملکی اسٹاف کا جانا مشکل ہوگا، صدر بورڈ


Sports Desk December 15, 2012
پی سی بی کے ساتھ بات چیت کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، پہلا مرحلہ جس کا تعلق سیکیورٹی معاملات سے تھا وہ تسلی بخش رہا, صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نظم الحسن فوٹو : فائل

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ مختصر دورئہ پاکستان کی تاریخوں پر پی سی بی سے بات چیت شروع کر دی ہیں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میچز کیلیے مناسب وقت کی تلاش جاری ہے، ہماری ٹیم رواں ماہ وہاں نہیں جا سکتی لہذا اب پی سی بی سے بات کرینگے کہ کیا وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے قبل مختصر سیریز کیلیے جگہ نکال سکتا ہے۔ یاد رہے ٹائیگرز کو اپریل میں پڑوسی ملک جانا تھا مگر اسی ماہ کی19 تاریخ کو ڈھاکا ہائی کورٹ نے انھیں روک دیا، گذشتہ ماہ نظم الحسن نے کہا تھا کہ بی سی بی نے دورے کیلیے پاکستان کے ساتھ تحریری کمٹمنٹ کی ہے، جمعے کو ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اب پی سی بی کے ساتھ بات چیت کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، پہلا مرحلہ جس کا تعلق سیکیورٹی معاملات سے تھا وہ تسلی بخش رہا۔

1

جو لوگ سیکیورٹی کا جائزہ لینے گئے تھے میں نے ان سے بات چیت کی تو وہ مطمئن نظر آئے، اگر دونوں بورڈز تاریخوں پر متفق ہوگئے تو ہماری ٹیم آئندہ ماہ ٹور پر جائیگی، نظم الحسن نے کہا کہ کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف سے سیریز کے حوالے سے بات کی جائیگی مگر ہم کسی پر پاکستان جانے کیلیے زور نہیں دینگے، ہم غیرملکی اسٹاف سے بھی بات کرینگے مگر اس بات کا خاصا امکان ہے کہ وہ وہاں نہیں جائیں، ہم اسے سمجھ سکتے ہیں۔ صدر بی سی بی نے ایک سوال پر کہا کہ آئی سی سی چاہتی ہے کہ ہم خود فیصلہ کریں کہ پاکستان جانا ہے یا نہیں۔

ہم انھیں سیکیورٹی پلان ارسال کرینگے، اس کے بعد وہ میچ آفیشلز کو بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کرینگے، اگر انھوں نے کسی کو نہ بھیجا تو ہمیں خود تقرر کرنا ہو گا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سیریز کی دوبارہ باتوں کو پریمیئر لیگ سے منسلک کیا جا رہا ہے، پاکستان نے سخت موقف اپناتے ہوئے تاحال اپنے کسی کھلاڑی کو ایونٹ کیلیے این او سی جاری نہیں کیا جس سے بی سی بی کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں