ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی قومی اسکواڈ سے رضوان جونیئر اور عمر باہر

ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پابندی کی سزا مکمل کرنے والے محمد عرفان کی واپسی


Sports Reporter December 15, 2012
نوجوان کھلاڑی محمد سلمان منتخب پلیئرز میں جگہ بنانے میں کامیاب۔ فوٹو : فائل

ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، میلبورن ایونٹ کی برانز میڈلسٹ ٹیم سے رضوان جونیئر اور عمربھٹہ باہر ہوگئے۔

ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پابندی کی سزا مکمل کرنے والے محمد عرفان کی واپسی ہوگئی، نوجوان کھلاڑی محمد سلمان بھی منتخب پلیئرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، گرین شرٹس17دسمبر کی شب دوحا روانہ ہوں گے،18 اور 19 دسمبر کو ٹیم کے پریکٹس میچز شیڈول ہیں، ایونٹ کاآغاز20 دسمبر سے قطر میں ہوگا، افتتاحی روز پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہونا ہے،ایونٹ کی تیاریوں کیلیے پاکستان ٹیم کا دوروزہ تربیتی کیمپ اتوار سے شروع ہو رہا ہے۔

منتخب کھلاڑیوں میں محمد عمران (کپتان )، عمران شاہ ، عمران بٹ (گول کیپرز)، محمد عتیق ،سید کاشف شاہ( فل بیکس) ، وسیم احمد ، محمد توثیق ، فرید احمد ، راشد محمود ، محمد عرفان ، محمد وقاص (نائب کپتان ) شفقت رسول ، محمد سلمان، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی، محمد کاشف علی، محمد رضوان سینئر اورعلی شان (فارورڈز) شامل ہیں۔

1

دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے کہا کہ میلبورن میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برانز میڈل جیتا،قومی ٹیم تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہے،کوچ اور کھلاڑی محنت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کئی عالمی اعزاز حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں گے، انھوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ایک مثبت قدم ہے، اگلے ہفتے ایک معاہدے میں ہاکی سیریز کے معاملات بھی طے پا جائیں گے، روایتی حریفوں کے جاندار مقابلوں سے خطے میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ہاکی کے معاملات میں پنجاب اور وفاق کے مابین کوئی اختلاف نہیں، دونوں کھیل کی بہتری پر یقین رکھتے ہیں۔ چیف کوچ اختر رسول نے کہاکہ تمام منتخب کھلاڑیوں کو کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، میلبورن جیسی کارکردگی برقرار رہی تو پاکستان ایشین چیمپئن کا اعزاز بھی حاصل کرلے گا۔ یادرہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں برانز میڈل جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم عالمی رینکنگ میں 4 درجے بہتری کے ساتھ 5 ویں پوزیشن پر پہنچ چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں