پاکستان یا بھارت کبڈی کے عالمی چیمپئن کا فیصلہ آج ہوگا

ایونٹ میں ناقابل شکست روایتی حریفوں کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع

فاتح کو 2 کروڑ روپے ملیں گے، رنز اپ ٹیم ایک کروڑ کا چیک حاصل کرے گی۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

کبڈی کے عالمی چیمپئن کا فیصلہ ہفتے کو ہوگا،فائنل میں پاکستان اور بھارت کے پہلوان اعزاز حاصل کرنے کیلیے پنجہ آزمائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی پنجاب میں جاری میگا ایونٹ کے ہفتے کو شیڈول فائنل میں روایتی حریفوں کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے فیصلہ کن معرکے کیلیے کوالیفائی کیا،مہمان ٹیم نے سیمی فائنل میں کینیڈا کو 53-27 اور میزبان نے ایران کو71-23 سے زیر کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم گروپ میچز میں سیرالیون، اسکاٹ لینڈ اور اٹلی کو شکست دے چکی، یاد رہے کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کررہی ہے۔ پاکستان گذشتہ دنوں لاہور میں ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف کو سخت مقابلے کے بعد زیر کرچکا۔




لہذا کھلاڑیوں کے حوصلے خاصے بلند ہیں، دوسری طرف بھارت کو ہوم کرائوڈ اور گرائونڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ دریں اثنا پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور نے امید ظاہر کی کہ ٹیم بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کرے گی،انھوں نے کہا کہ پلیئرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

کینیڈا کیخلاف سیمی فائنل میں فتح سے تمام کھلاڑیوں کا مورال بلند اور وہ جیت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان ٹیم کے کوچ طاہر وحید جٹ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ میں نے نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکیوں کا کوئی نوٹس نہیں لیا،ایسے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود پلیئرز ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کیلیے فائنل میں سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے،ٹیم کے حوصلے بلند اور روایتی حریف کیخلاف میچ سنسنی خیز ہوگا۔ واضح رہے کہ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو دو جبکہ رنر اپ کو ایک کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story