سندھ کی تمام لوکل کونسلوں کے فنڈز منجمد کرنا قابل تشویش ہے ڈپٹی میئر کراچی

وزیراعلیٰ سندھ حالات كو مزید ابتری سے بچانے كے لیے فوری مداخلت كریں، ڈاکٹر ارشد وہرہ


ویب ڈیسک October 27, 2016
وزیراعلیٰ سندھ حالات كو مزید ابتری سے بچانے كے لیے فوری مداخلت كریں، ڈاکٹر ارشد وہرہ، فوٹو؛ فائل

ڈپٹی میئر كراچی ڈاكٹر ارشد وہرہ نے سندھ حكومت کی جانب سے لوکل کونسلوں کے فنڈز منجمد کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے سندھ حکومت کی جانب سے لوکل کونسلوں کے فنڈز منجمد کیے جانے پر تشویش كا اظہار كرتے ہوئے كہا كہ اس فیصلے سے ہندو برادری كے دیوالی كے موقع پر دی جانے والی تنخواہیں ادا نہیں كی جا سكیں گی جس كے باعث وہ اس خوشی كے تہوار كو نہیں منا سكیں گے جب كہ افسران اور ملازمین كی ماہانہ تنخواہیں اور پنشن بھی ادا نہیں كی جا سكے گی۔

ڈپٹی میئر نے كہا كہ اس فیصلے كے نتیجے میں كراچی سمیت سندھ كے تمام ترقیاتی كام رك جائیں گے، زیر تعمیر منصوبے مزید تعطل كا شكار ہوں گے اور صحت و صفائی كی صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر كے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، حكومت سندھ اس بات كی وضاحت كرے كہ اس اچانك فیصلے كے پیچھے آخر كیا محركات درپیش ہیں۔

ارشد وہرہ نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ كیا كہ وہ حالات كو مزید ابتری سے بچانے كے لیے فوری مداخلت كریں اور بلدیاتی اداروں كے منجمد كردہ اكاؤنٹس كو فوری بحال كریں تاكہ روز مرہ كے امور سمیت زیر تعمیر منصوبوں كو بھی بروقت مكمل كیا جاسكے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں