بھارتی اداکارہ ریما لاگو شوٹنگ  کے دوران جھلس گئیں

آگ لگنے کا واقعہ بہت خوفناک تھا جس میں کسی بڑے نقصان سے بچ گئی ہوں، اداکارہ ریما لاگو


ویب ڈیسک October 27, 2016
آگ لگنے کا واقعہ بہت خوفناک تھا جس میں کسی بڑے نقصان سے بچ گئی ہوں، اداکارہ ریما لاگو، فوٹو؛ فائل

لیجنڈری اداکارہ ریما لاگو کی ساڑھی میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران آگ لگ گئی جس سے ان کا بازو بری طرح جھلس گیا۔

اداکارہ ریما لاگو اپنے کردار میں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں اور انہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں ''کل ہو نا ہو''،''کہیں پیار نہ ہو جائے''،''دیوانے''،''واستو''،''کچھ کچھ ہوتا ہے''اور''جڑواں'' شامل ہیں جب کہ انہوں نے کئی فلموں میں سلمان خان، سنجے دت اور شاہ رخ خان کی والدہ کا کردار ادا کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ریما لاگو ڈرامے کے لیے آگ بجھانے کے منظر کی عکس بندی کرا رہی تھیں کہ ان کی ساڑھی نے آگ پکڑلی جس نے ساڑھی کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم اداکارہ نے آگ بجھانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں ان کے بازو بری طرح جھلس گئے۔

آگ لگنے کے واقعے کے بعد ڈرامے کی شوٹنگ فوری طور پر روک دی گئی جب کہ اداکارہ کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ریما لاگو کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کا واقعہ بہت خوفناک تھا جس میں کسی بڑے نقصان سے بچ گئی ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں