حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ 8اضلاع میں سرگرم ہیںبھارتی وزیر داخلہ

سرحد پارسے دراندازی اور مجاہدین کی سرگرمیوں کا معاملہ پاکستان سے اٹھایا جاتا ہے،سوشیل کمار.

سرحد پارسے دراندازی اور مجاہدین کی سرگرمیوں کا معاملہ پاکستان سے اٹھایا جاتا ہے،سوشیل کمار. فوٹو : فائل

بھارتی وزیر داخلہ سوشیل کمار شنڈے نے کہاہے کہ حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ کے مجاہدین اب بھی ریاست کے8 اضلاع میں سرگرم عمل ہیں۔


سرحد پارسے جاری دراندازی اور جموں وکشمیر میں مجاہدین کی سرگرمیوں کا معاملہ سفارتی سطح پر پاکستان سے اٹھایا جاتا ہے تاکہ سیکیورٹی کے حوالے سے اس حساس معاملے کا ہمیشہ کے لیے حل نکالا جاسکے، جموں وکشمیر میں سرگرم جنگجوئوں کی کوششوں اور صلاحیتوں کا قلع قمع کرنے کے لیے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے اقدامات کے بہتر نتائج آئے ہیں ، جموں وکشمیر میں لوگوں کو شر پسندی کے لیے اکسانے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی ، مہاجر کشمیری پنڈتوں اور دیگر مہاجرین کی فوری واپسی ، سرنڈر کرنے والے مجاہدین کی آبادکاری اور ریاست میں ترقیاتی و تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔ وہ گزشتہ روز یہاں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر داخلہ نے میٹنگ کے دوران اپنے ماتحت اعلی افسروں ، سلامتی ماہرین اور پالیسی سازوں سے جموں وکشمیر میں سرگرم مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں کے باہمی تال میل ، ریاستی پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، کل جماعتی وفد کے دورہ ریاست ، مصالحت کاروں کی رپورٹ اور اس رپورٹ میں کی گئی سفارشات کی عمل آوری کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری حاصل کی ۔ میٹنگ کے دوران وادی سے جموں اور دوسرے علاقوں کی طرف ہجرت کر چکے مہاجرین کے مسائل ، خود سپردگی کرنے والے جنگجوئوں کی باز آبادکاری اور وزیراعظم کے تعمیر نو پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ بھی لیا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story