محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مونگ پھلی کی درآمد روک دی کراچی چیمبر کا سخت اعتراض

وزیراعظم کواحتجاجاًخط لکھ دیا،درآمدکی اجازت نہ دینے کے باعث مونگ پھلی صرف 1 روز میں 35 تا 100روپے کلو مہنگی ہوگئی

طلب ڈیڑھ لاکھ،پیداوار15ہزارٹن ہے،باہرسے نہ لی توغریب مونگ پھلی بھی نہ کھا سکے گا،وزیراعظم پرمٹ بحال کرائیں،شمیم فرپو۔ فوٹو: فائل

پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے مونگ پھلی کے لیے درآمدپرمٹ کا اجرا روک دیا ہے جس سے ملک میں موسم سرما کے دوران مونگ پھلی کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پلانٹ پروٹیکشن کے اس اچانک اور یکطرفہ اقدام پرکراچی چیمبر آف کامرس نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کو خط کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن درآمدی شعبے کے ساتھ غیرامتیازی سلوک کرتے ہوئے من مانے فیصلے کر رہا ہے جس کا فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

کراچی چیمبرکے صدرشمیم احمد فرپو کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں کہاگیاکہ ہوشربا مہنگائی میں غریب طبقے کے لیے موسم سرما میں بادام، اخروٹ، چلغوزے جیسے مہنگے خشک میوہ جات خریدنا انتہائی مشکل ہوتا ہے لہٰذا غریب طبقہ موسم سرما میں مونگ پھلی کا استعمال کرتا ہے جو مناسب داموں دستیاب ہوتی ہے تاہم اس بار مونگ پھلی کی فصل خراب ہونے کی وجہ سے مقامی پیداوار معمول سے 10 ہزار ٹن یعنی25ہزار ٹن کے مقابلے میں 15ہزار ٹن رہی جبکہ مقامی طلب ڈیڑھ لاکھ ٹن ہے، مقامی طلب کو پورا کرنے کیلیے نومبر سے فروری تک 1 لاکھ 25ہزار ٹن مونگ پھلی درآمد کی جاتی ہے تاہم محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے مقامی تاجروں کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کا بہانہ بناتے ہوئے امپورٹ پرمٹ کا اجرا بند کر دیاہے جس سے درآمدکنندگان کے طے شدہ سودے بھی منسوخ ہونے کا اندیشہ ہے۔


محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے خدمات کی فراہم کے بجائے کاروبار کا حصہ بنتے ہوئے پرانی آئی پی بھی جاری کیں، مونگ پھلی کی درآمد بند ہونے اورمقامی پیداوار میں کمی سے صرف 1دن میں مونگ پھلی کی قیمتوں میں 35تا 100روپے فی کلواضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت 100روپے سے بڑھ کر200اور بغیر چھلکے والی مونگ پھلی کی قیمت215سے بڑھ کر 250روپے فی کلو ہو گئی ہے، اگرمونگ پھلی کی درآمد بحال نہ ہوئی تو سردیوںمیں قیمت 300روپے کلوسے تجاوز کر جائیگی اور غریب طبقہ اس سستے خشک میوے سے بھی محروم ہوجائیگا۔

چیمبر کے صدرشمیم احمد فرپو نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو فوری طور پر مونگ پھلی کی درآمد کیلیے امپورٹ پرمٹ جاری کرنے کی ہدایت کریں تاکہ مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے وافر مقدار میں اس کی درآمد کی جاسکے۔

 
Load Next Story