ای سی سی کا اجلاس اسٹیل ملز کو منافع بخش بنانے کیلئے 86 ارب روپےکا پیکیج منظور

سوئی ناردرن اور سدرن کو نئے دریافت شدہ ذخائر سے گیس فراہم کرنے کی توثیق، حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس


Numainda Express July 25, 2012
فنڈز کی فراہمی کا شیڈول بھی طے، سوئی ناردرن اور سدرن کو نئے دریافت شدہ ذخائر سے گیس فراہم کرنے کی توثیق، حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس. فائل فوٹو

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ا ی سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملز کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلیے 8 ارب 60 کروڑروپے کے بیل آؤٹ پیکیج اور نئے دریافت شدہ ذخائر سے سوئی ناردرن اور سدرن کو گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کو بیل آؤٹ پیکیج کی رقم دینے کے شیڈول کی بھی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے گندم کے اضافی ذخائر کی فروخت کیلیے سمری بھیجنے پر تاخیر برتنے پر ذمے داروں کا تعین کرنے کیلیے کمیٹی قائم کی کمیٹی میں وزیر قانون، وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیراعظم کے مشیر برائے زراعت و آبی وسائل شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سمری بھجوانے میں تاخیر وزارت خوراک وزاعت کی صوبوں کو منتقلی، مطلوبہ ریکارڈ اور ڈیٹا کی عدم دستیابی اور پاسکو کی وزارت فوڈ سیکیورٹی کو منتقلی کی وجہ ہوئی۔

اجلاس میں سیکریٹری تجارت نے بتایا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سمیت پاکستان آرمی و پاکستان نیوی کو گندم کی اسٹوریج کی مد میں 3 ارب 88 کروڑ 66 لاکھ 5 ہزار روپے کے چارجز کی وصولی کے بل بھجوادیے ہیں۔ سویڈ بس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کو درآمدی سطع پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے کیلیے سیکریٹری صنعت اور چیئرمین ایف بی آر پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ مالی سال افراط زر (مہنگائی) کی شرح 11 فیصد رہی۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ گذشتہ مالی سال پاکستان کی درآمدات 40.04 ارب ڈالر، برآمدات24.6 ارب ڈالر اور تجارتی خسارہ15.44 ارب ڈالر رہا۔ زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوکر14.77 ارب ڈالر ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں