ایف بی آئی کا ہیلری کلنٹن کی خفیہ ای میلز کی دوبارہ تحقیقات کا اعلان

ہیلری کلنٹن کی مزید ای میلز موصول ہوئی ہیں جن کی حساسیت کا اندازہ لگانے کے لئے تحقیقاتی ضروری ہے، ڈائریکٹر ایف بی آئی

ہیلری کلنٹن کی مزید ای میلز موصول ہوئی ہیں جن کی حساسیت کا اندازہ لگانے کے لئے تحقیقاتی ضروری ہے، ڈائریکٹر ایف بی آئی۔ فوٹو: فائل

امریکا کے تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی مزید خفیہ ای میلز ملنے کے بعد معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمس کومی نے سینیٹ کمیٹی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیرخارجہ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے خلاف خفیہ ای میلز کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات شروع کرنے جارہے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ادارے کو ہیلری کلنٹن کی مزید خفیہ ای میلز موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ان ای میلز کا جائزہ لینے کے لئے تمام تحقیقاتی اقدامات کئے جائیں گے جب کہ موصول ہونے والی ای میلز کی حساسیت اور اہمیت کو جانچنے کے لئے اس کی تحقیقات ضروری ہے۔

اس سے قبل ایف بی آئی ڈائریکٹر نے سینیٹ ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہیلری کلنٹن کی ای میلز کے حوالے سے تمام تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور ان کے خلاف قانون شکنی کا کوئی ثبوت نہیں ملا تاہم اب ایف بی آئی کی جانب سے صدارتی الیکشن سے صرف 11 روز قبل دوبارہ تحقیقات کے اعلان نے سیاست میں کھلبلی مچا دی ہے۔


دوسری جانب ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوارڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کے ای میلز کے معاملے کی تحقیقات کی خبر ملنے پر اپنی حریف کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور مانچسٹر میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ ہیلری کلنٹن کی خفیہ ای میلز سامنے آنے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کو انہیں فوری طور پر نااہل کردینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی جانب سے اپنی خطرناک غلطی کو صحیح کرنے کے لئے دوبارہ تحقیقات کے فیصلے کو احترام کی نظر سے دیکھتا ہوں۔

ادھر ہیلری کلنٹن نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں صرف 11 روز باقی ہیں اور میرا ٹرائل شروع کردیا گیا ہے۔



واضح رہے کہ 8 نومبر کو امریکا کے 58ویں صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جب کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن کو مخالف ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر سبقت حاصل ہے۔
Load Next Story