بولی وڈ کے وہ اداکار جنھوں نے بلا معاوضہ فلموں میں کام کیا

معاوضے کی زیادتی یا کمی فلمی ستاروں کی درجہ بندی بھی کرتی ہے۔


نرگس ارشد رضا October 30, 2016
سلمان خان سب ہیروز میں سب سے زیادہ معاوضہ لے ٹاپ پر ہیں۔ فوٹو: فائل

کسی بھی اداکار کی مارکیٹ ویلیو کا اندازہ اس کی باکس آفس پوزیشن سے لگایا جاسکتا ہے۔ جو جتنا زیادہ معاوضہ لے گا وہ اتنا ہی بڑا اسٹار کہلائے گا۔ معاوضے کی زیادتی یا کمی فلمی ستاروں کی درجہ بندی بھی کرتی ہے۔

مثال کے طور پر جو سب سے زیادہ پیسہ لے رہا ہے وہ نمبرون ایکٹر یا ایکٹرس ہے۔ بولی وڈ میں دیپکا پاڈوکون اس وقت سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی ہیروئن ہیں اور پروڈیوسر خوشی خوشی انہیں بھاری معاوضہ دینے کو تیار رہتے ہیں، کیوںکہ وہ جانتے ہیں ان کا نام فلم کی کام یابی کی علامت بن چکا ہے۔

اسی طرح سلمان خان سب ہیروز میں سب سے زیادہ معاوضہ لے ٹاپ پر ہیں۔ ان کے بعد پریا نکا چوپڑہ، کترینہ کیف، اکشے کمار، شاہ رخ خان وغیرہ کے نام بالترتیب آتے ہیں، لیکن مارکیٹ ویلیو سے ہٹ کر انسانی قدریں بھی اہمیت رکھتی ہیں، جو دوسرے کے لیے پیار اور توجہ پر مبنی ہوتی ہیں۔ بولی وڈ کے کئی بڑے نام کچھ ایسی فلموں میں کام کرچکے ہیں جن کا انہوں نے کوئی معاوضہ نہیں لیا۔ کہیں دوستی دکھائی تو کہیں دریا دلی کا مظاہرہ کیا۔ ایسے ہی چند بڑے نام یہ ہیں:

٭امیتابھ بچن:

صدی کے سب سے بڑے اور ور اسٹائل اداکار امیتابھ بچن ہر نسل کے پسندیدہ اداکار ہیں۔ بچے بڑے سب ہی ان کی فلمیں شوق سے دیکھتے ہیں۔ بگ بی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بہت نرم دل اور نرم مزاج انسان ہیں اور ہر ایک کے دکھ درد میں ضرور شریک ہوتے ہیں۔ اسی لیے جب ان کے میک اپ مین نے بہ طور ڈائریکٹر فلمی دنیا میں قدم رکھا اور ایک بھوج پوری فلم بنانے کا اعلان کیا تو انہوں نے امیتابھ بچن سے درخواست کی کہ وہ ان کی فلم میں مرکزی کردار کریں۔ یوں بگ بی نے اپنے ذاتی اسٹاف کی مدد اس طرح کی کہ ان سے کوئی معاوضہ نہیں لیا۔ فلم کا نام گنگا، گنگو تری اور گنگا دیوی تھا۔

گو کہ یہ فلم باکس آفس پر اپنا کوئی رنگ نہ جماسکی لیکن اس سے بگ بی کی پوزیشن میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

٭شاہ رخ خان:

کنگ خان اسم بامسمٰی ہیں کہ ان کے اندازواطوار شاہانہ ہیں۔ دریا دل اتنے کہ اپنے ذاتی اسٹاف کو گاہے بہ گاہے منہگے ترین تحائف سے نوازتے رہتے ہیں اور دوستی کے اتنے پکے کہ اپنی ہر کام یابی میں انہیں شریک کرنا نہیں بھولتے۔ شاہ رخ نے ایک فلم بھوت ناتھ میں کام کرنے کا ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔ اس فلم میں انہوں نے جوہی چاولہ کے کہنے پر کام کیا تھا۔ سب ہی جانتے ہیں کہ جوہی شاہ رخ کے ابتدائی دنوں کی بہت اچھی دوست ہیں اور ساتھ ہی یہ دونوں کچھ عرصے تک بزنس پارٹنر بھی رہ چکے ہیں۔ بس دوستی کے لیے شاہ رخ نے اس فلم میں دونوں پارٹ میں کام کیا۔ جی ہاں بھوت ناتھ ریٹرن کے سیکوئل میں بھی شاہ رخ کا ایک چھوٹا سا رول تھا۔



٭کترینہ کیف:

بولی وڈ کی ٹاپ کلاس ہیروئنز میں شمار ہونے والی اداکارہ کترینہ کیف اس وقت اپنے کیریر کے مشکل دور سے گز رہی ہیں۔ ان کی کئی ایک ساتھ ریلیز ہونے والی فلمیں باکس آفس پر کوئی دھماکا نہیں کرپائی ہیں۔ اس لیے اس وقت انہیں ایک ہٹ فلم کی شدید ضرورت ہے۔ کترینہ کا معاوضہ دوسری ہیروئنز کی نسبت زیادہ ہی ہوتا ہے اور کسی فلم میں آئٹم سونگ کرنے کا معاوضہ ان کے پورے معاوضے کا نصف ہوتا ہے۔ اس لیے پروڈیوسر انہیں بہت سوچ سمجھ کر آفر کرتے ہیں۔ لیکن کرن جوہر پروڈکشن کی فلم اگنی پتھ میں چکنی چمبیلی آئٹم سونگ انہوں نے کرن سے دوستی اور رواداری میں کیا تھا اور کئی دنوں تک ڈانس کی ریہرسل میں باقاعدگی سے حصہ لیتی رہی تھیں۔ کترینہ نے اس کا کوئی معاوضہ طلب نہیں کیا، البتہ فلم کی ریلیز کے بعد جب یہ گانا بے انتہا ہٹ ہوا تب کر ن جوہر نے کترینہ کو تحفے میں فراری کار بھجوائی تھی۔

٭رانی مکھرجی:

شوخ و چنچل اداکارہ رانی مکھرجی نے کئی کام یاب اور بہترین فلموں میں کا م کیا۔ رانی کی آخری ریلیز ہونے والی فلم مردانی تھی۔ اس کے بعد اب تک انہوں نے کوئی فلم سائن نہیں کی۔ ان کی مکمل توجہ گھر اور اپنی بیٹی پر ہے۔ رانی بھی دوستی نبھانے والی ایکٹرس ہیں۔ کرن جوہر کی بلاک بسٹر فلم کبھی خوشی کبھی غم، جس میں شاہ رخ خان اور کاجول نے اہم رول کیے تھے۔ اس فلم میں رانی نے کرن کے کہنے پر مختصر کردار کیا تھا اور اس کا انہوں نے کوئی معاوضہ بھی نہیں لیا تھا۔ کرن آج بھی ان کے شکر گزار ہیں۔



٭سوناکشی سنہا:

سوناکشی سنہا، جنہیں انڈسٹری میں دبنگ گرل کہا جاتا ہے، خود کو اچھی اداکارہ ثابت کرچکی ہیں۔ سلمان اور اکشے کے ساتھ ان کی جوڑی کو سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر اکشے کمار کے ساتھ سوناکشی نے کئی فلموں جیسے رائڈوڈی راٹھور، ہالی ڈے، جوکر، ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ اور سولجراز نیور آف ڈیوٹی میں کام کیا ہے۔ اکشے اور سوناکشی کی اسکرین جوڑی کو بہترین جوڑی قرار دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی ہیں۔ اسی دوستی کی خاطر سوناکشی نے اکشے کی فلم باس میں بغیر معاوضے کے ایک گانا پرفارم کیا تھا۔

٭کرینہ کپور:

بولی وڈ کی ناک اندام اور شاہانہ مزاج کی حامل اداکارہ کرینہ کے کریڈٹ پر بے شمار کام یاب فلمیں ہیں۔ گو کہ اب انہوں نے فلمی مصروفیات کو کم کردیا ہے، لیکن اب بھی کسی بھی فلم کا وہ سب زیادہ معاوضہ طلب کرتی ہیں۔ کرینہ نے ایک فلم بِلو میں بغیر کسی معاوضے کے ایک آئٹم سونگ مرجانی شاہ رخ سے دوستی کی خاطر کیا تھا۔ یہ فلم شاہ رخ خان کی تھی اور اس کی دیگر کاسٹ میں لارا دتہ اور عرفان خان شامل تھے۔ فلم میں مرکزی رول عرفان خان نے کیا تھا۔

٭پریانکا چوپڑہ:

پریانکا اس وقت تیزی سے اپنے کیریر کے عروج کی جانب گام زن ہیں۔ بولی وڈ سے ہالی وڈ تک کا سفر انہوں نے بڑی تیزی سے طے کیا اور دنیائے فلم کی سب سے بڑی انڈسٹری میں پریانکا کئی قابل ذکر پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں۔ بولی وڈ میں بھی انہوں نے کئی کام یاب فلمیں دی ہیں۔ پریانکا نے نے بھی شاہ رخ خان کی دوستی کی خاطر فلم بلو میں ایک آئٹم سونگ بغیر کسی معاوضے کے کیا تھا۔ شاہ رخ خان اور پریانکا کے درمیان دوستی کے علاوہ ذہنی ہم آہنگی کا رشتہ بھی استوار تھا، جس کی بنا پر ڈان اور ڈان ٹو میں ان کی اسکرین کیمسٹری نے ہر طرف دھوم مچا دی تھی۔



٭دیپکا پاڈوکون:

دیپکا نے اپنے کیریر کا آغاز فرح خان کی فلم اوم شانتی اوم سے کیا تھا۔ اس فلم میں ان کے ساتھ شاہ رخ تھے۔ حیرت انگیز طور پر دیپکا نے اپنی پہلی فلم بغیر کسی معاوضہ کے سائن کی تھی ان کا کہنا تھا کہ اپنے کیریر کے آغاز میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا ہی ان کا سب بڑا معاوضہ ہے اور اس کی انہیں دل سے خوشی ہے۔



٭فرحان اختر:

فرحان نے بڑے کم عرصے میں خود کو ڈائریکٹر سے اچھا ایکٹر ثابت کیا ہے۔ انہوں نے اپنی فلم بھاگ مکا سنگھ بھاگ کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیا تھا۔ معاوضے کے طور پر انہوں نے صرف گیارہ روپے طلب کیے تھے جو انہوں نے ایک جگہ ٹوکن کے لیے استعمال کرلیے تھے۔



٭عامر خان:

کہا جاتا ہے کہ عامر خان نے اپنی بلاک بسٹر فلم پی کے میں کام کرنے کا کوئی معاوضہ نہیں لیا تھا بل کہ انہوں نے فلم کی آمدنی سے اپنا شیئر وصول کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔