ناگپور ٹیسٹ بھارتی بیٹنگ سنبھلنے کے بعد پھر لڑکھڑا گئی

28 رنزکے دوران 4 وکٹیں گنوادیں، 8 وکٹ پر297 کے اسکور پر دن کااختتام، کوہلی کی سنچری، دھونی 99 پر رن آئوٹ


Sports Desk December 16, 2012
ناگپور ٹیسٹ: بھارتی بیٹسمین کوہلی کیریئر کی تیسری سنچری کے بعد ملنے والی داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

ناگپور ٹیسٹ میں بھارتی بیٹنگ سنبھلنے کے بعد پھر لڑکھڑا گئی۔

بہتر پوزیشن پر پہنچنے کے بعد میزبان نے28رنز کے دوران 4 وکٹیں گنوا دیں، دن کا اختتام8 وکٹ پر 297 رنز کے ساتھ ہوا، اب بھی33 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، ویرت کوہلی نے سنچری داغی،کپتان دھونی بدقسمتی سے99کے اسکور پر رن آئوٹ ہوگئے، دونوں نے پانچویں وکٹ کیلیے198 رنز کی پارٹنر شپ کی اور اپنے قدرتی کھیل کو پس پشت رکھتے ہوئے محتاط انداز اپنایا۔

نوجوان بیٹسمین نے295 اور کپتان نے246 گیندوں کا سامنا کیا، انگلش پیسر اینڈرسن نے 4 اور اسپنر سوان نے3وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے تیسرے دن بھارتی بیٹسمین ویرت کوہلی اور مہندرا سنگھ دھونی کچھ کر دکھانے کا عزم لیے میدان میں اترے، دونوں نے حریف اٹیک کا جوانمردی سے سامنا کیا، ابتدائی دونوں سیشنز میں مہمان بولرز وکٹ کیلیے ترستے رہے، کوہلی کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے،انھوں نے کپتان کے ساتھ اسکور 269 تک پہنچا دیا۔

02

اس موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ بھارت حریف پر بڑی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، مگر قسمت کو یہ منظور نہ تھا، کوہلی کو103 کے انفرادی اسکور پر اسپنر گریم سوان نے ایل بی ڈبلیو کر دیا، اسی کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلیے198 رنز کی شراکت کا اختتام ہوگیا، دوسرے روز تین وکٹیں لینے والے اینڈرسن بھی جوش میں آ گئے، انھوں نے نئے بیٹسمین رویندرا جڈیجا(12) کو جلد آئوٹ کر دیا،انھیں وکٹوں کے عین سامنے گیند پیڈز پر وصول کرنے پر میدان بدر ہونا پڑا، کیریئر کی چھٹی سنچری کی جانب گامزن دھونی کو قسمت نے اس وقت دھوکا دیا جب وہ 99 رنز تک پہنچ چکے تھے،اینڈرسن کی گیند کو مڈآف پر ڈرائیو کرتے ہی وہ دوسرے اینڈ کی جانب دوڑ پڑے، الیسٹر کک کے ڈائریکٹ تھرو نے جس وقت بیلز اڑائیں وہ کریز سے معمولی سے دور تھے۔

ٹی وی امپائرز نے3 مختلف اینگلز سے ری پلیز دیکھنے کے بعد سرخ لائٹ آن کی،اس سے قبل 72 کے اسکور پر ان کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل امپائر روڈ ٹکر کو متاثر نہ کر پائی جبکہ بریسنن نے ہی ایک مشکل کاٹ اینڈ بولڈ کا موقع بھی گنوایا تھا۔ پیوش چاولہ (1) کی بیلز سوان نے اڑائیں، یوں بھارتی ٹیم 28 رنز کے دوران 4 وکٹیں گنوا کر ایک بار پھر دبائو کا شکار ہو گئی،جس وقت کھیل ختم ہوا مجموعی اسکور297/8 تھا، ایشون7 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، اینڈرسن کو 4 وکٹیں 68 رنز کے عوض ملیں جبکہ سوان نے 76 رنز دیکر 3 پلیئرز کو پویلین بھیجا، میزبان سائیڈ کو اب بھی 33 رنز کا خسارہ جبکہ 2 وکٹیں باقی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں