شائقین کیلئے بھارت جاکر میچز دیکھنا خواب بن گیا

ٹریول ایجنٹس کو تاحال بی سی سی آئی سے ہوٹلز کے نام اور ریٹس وصول نہیں ہو سکے، ویزا پراسس تعطل کا شکار


Sports Reporter/Abbas Raza December 16, 2012
ٹریول ایجنٹس کو تاحال بی سی سی آئی سے ہوٹلز کے نام اور ریٹس وصول نہیں ہوسکے، ویزا پراسس تعطل کا شکار۔ فوٹو: فائل

پاکستانی شائقین کیلیے بھارت جاکر میچزدیکھنا خواب بن گیا۔

ٹریول ایجنٹس کو تاحال بی سی سی آئی سے ہوٹلز کے نام اور ریٹس وصول نہیں ہوسکے جس کے سبب ویزوں کیلیے کارروائی بدستور تعطل کا شکار ہے، سخت چھان بین کے مراحل سے گزرنے کے باوجود بیشتر خواہشمند بمشکل دہلی میں واحد ون ڈے میچ ہی دیکھ پائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 5 سال بعد شیڈول پانے والی باہمی سیریز کیلیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے3 ہزار ٹکٹ فراہم کرنے کا وعدہ تو کرلیا مگر ویزوں کے اجرا کیلیے سخت شرائط رکھنے کے باوجود بھارتی حکام کچھوے کی رفتار سے چل رہے ہیں، پی سی بی کے نامزد ٹریول ایجنٹس کے ذریعے میچ اور سفری ریٹرن ٹکٹ کے ساتھ بی سی سی آئی کے منظور شدہ ہوٹلز کی بکنگ بھی حاصل کرکے کاپیاں ویزا درخواست کے ساتھ منسلک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کو7 روز میں سیکیورٹی کے حوالے سے چھان بین مکمل کرکے پاسپورٹ واپس کرنا ہیں، بنگلور میں شیڈول پہلا ٹوئنٹی20 میچ 8 دن بعد کھیلا جانا ہے مگر تاحال پاکستانیوں کے قیام کیلیے منظور شدہ ہوٹلز کے نام اور ریٹس ٹریول ایجنٹس کو موصول نہیں ہوسکے، موجودہ صورتحال میں ایک ہزار کے قریب شائقین صرف دہلی میں 6 جنوری کو کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا اور آخری وں ڈے میچ ہی دیکھ پائیں گے، وقت کی کمی کے علاوہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ شائقین دہلی براستہ ٹرین جاسکتے ہیں، میچ کے ٹکٹوں کی مالیت 500، 1000، 1500 اور4500 بھی ان کی پہنچ میں ہوگی۔

05

فائیو اسٹار ہوٹل کا کرایہ تو 200 ڈالر تک بتایا گیا تاہم اکانومی ہوٹل میں قیام کی سہولت 1500 روپے یومیہ میں میسر ہوگی، دوسری طرف بنگلور، احمد آباد، چنئی اور کولکتہ کیلیے ہوائی جہاز کا ریٹرن ٹکٹ ہی 90 ہزار تک کا ہو گا، ٹور کے سارے میچز دیکھنے کیلیے2 لاکھ روپے کے قریب رقم درکار ہوگی،ایک ٹریول ایجنٹ کے مطابق دہلی کیلیے ملنے والی ایک ہزار ٹکٹوں میں سے325ہمارے حصے میں آئی ہیں، فی الحال 900 شائقین نے اپنے کیس جمع کرا رکھے ہیں جن میں سے ابھی تک 175 کو کنفرم کیا گیا، ہوٹلز کے نام اور ریٹس پیر کو موصول ہونے کی توقع ہے،جس کے دو، تین روز بعد ہی درخواستیں ہائی کمیشن کو روانہ کرینگے۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے بکنگ کیلیے ویزا ساتھ لانے کی شرط عائد کی تھی جو ہمارے مطالبے پر ختم کردی گئی،امکان ہے کہ دہلی جانے کے خواہشمند مایوس نہیں ہونگے، انھوں نے تصدیق کی کہ ویزا مراحل کیلیے وقت کی کمی اور فضائی اخراجات کی وجہ سے چند شائقین ہی بھارت کے دیگر شہروں میں مقابلے دیکھنے کے خواہشمند ہوسکتے ہیں، ہمیں بھی دہلی کے سوا باقی 4وینیوز کے ٹکٹ تاحال وصول نہیں ہوسکے،ابھی تک کی جانے والی انتہائی سست پیش رفت سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی حکام پاکستانی شائقین کو صرف دہلی تک محدود رکھنے کا فیصلہ کرچکے،دیگر وینیوز میں ان کی کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی، دورے کیلیے اعلان کردہ باقی2 ہزار ٹکٹوں کا کیا بنے گا، فی الحال کچھ بھی واضح نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں