مصر میں نئے آئین پر ریفرنڈم کا پہلا مرحلہ ووٹنگ شروع

ووٹنگ قاہرہ، اسکندریہ اور 8 دیگر صوبوں میں شروع ہوئی،باقی ملک میں22 دسمبر کو ہوگی.

قاہرہ:مصری خواتین نئے مجوزہ آئین کے بارے میں منعقدہ ریفرنڈم میں اپنا ووٹ کاسٹ کررہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

مصری باشندوں نے ہفتے کو نئے آئین پر رائے دہی کا عمل شروع کردیا جسے حکمران اسلام پسندوں کی حمایت حاصل ہے لیکن سیکولر اپوزیشن اس کی مخالفت کررہی ہے۔

یہ بات اے ایف پی کے رپورٹروں نے پولنگ اسٹیشنوں سے بتائی۔ پولنگ کا عمل قاہرہ، اسکندریہ اور 8 دیگر صوبوں میں شروع ہواجبکہ باقی ملک میںووٹنگ 22 دسمبر کو ہوگی۔دریں اثنامصر کے سابق صدارتی امیدوار عبدالمنعم ابوالفتوح نے اپنے ہم وطنوں پر زور دیا ہے کہ وہ دو مراحل میں ہونے والے ریفرنڈم میں مجوزہ آئین کو مسترد کر دیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق نئی جماعت 'مضبوط مصر پارٹی'کے بانی نے ایک ویڈیو ٹیپ پیغام میں کہا ہے کہ مصریوں کو3 وجوہات کی بنا پر نئے آئین کے خلاف 'ناں'میں ووٹ دینا چاہیے۔




انھوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے نمبر پر نئے آئین میں سماجی انصاف کو کوئی نمایاں جگہ نہیں دی گئی۔ ابو الفتوح نے کہا کہ آئین کو مسترد کرنے کے لیے دوسرا بڑا ایشو فوجی اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں مصری فوج پر فخر ہے لیکن ہم اس کا سیاست اور معیشت سے کوئی تعلق نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر کے اختیارات کو کم کرنے کے بجائے ان کو مزید وسعت دے دی گئی ہے اور نگرانی کے بعض نظام اور دوسرے سرکاری اداروں کی تشکیل بھی نئے آئین کا حصہ ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story