قتل و غارت کے وکیل

اسی میڈیا کے تحت حلب کے شدت پسند دراصل آزادی کے ہیرو ہیں جب کہ وہی شدت پسند موصل میں انسانیت کے دشمن


Orya Maqbool Jan October 31, 2016
[email protected]

سگمنڈ فرائڈ وہ شخص ہے جس سے نفسیات کا علم منسوب کیا جاتا ہے۔ یوں تو انسانی نفسیات اور نفسیاتی بیماریوں پر قدیم طب میں بہت سا مواد ملتا ہے لیکن جس شخص نے اپنے آپ کو انسانی ذہن اور نفسیات کے مطالعے کے لیے خاص کرلیا وہ سگمنڈ فرائڈ ہی تھا۔ وی آنا کے شہر میں پیدا ہونے والا یہ یہودی ہٹلر کے ظلم و بربریت کا گواہ بھی تھا اور اس کے وزیر گوئبلز کے پراپیگنڈے کا شکار، گوئبلز وہ شخص ہے جس نے اس دنیا کو یہ فقرہ تحفے میں دیا کہ ''اس قدر جھوٹ بولو اور بار بار بولو کہ وہ سچ محسوس ہونے لگے''۔ فرائڈ نے انسانی ذہن کو شعور،لاشعور اور تحت الشعور جیسی اصلاحات میں تقسیم کیا۔ اس کے نزدیک انسان کے ہر فعل کے پس پردہ جنسی جذبہ چھپا ہوتا ہے۔

اسی لیے خوابوں کی تعبیر کے بارے میں اس کی کتابیں ہر خواب کا تجزیہ کرتے ہوئے اس میں جنس ضرور ڈھونڈ نکالتی ہیں۔ ایک وسیع یہودی خاندان ہمیشہ اپنے زیر کفالت افراد کی تربیت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ فرائڈ کی زیر تربیت بھی صرف اس کی بیٹی اینا فرائڈ ہی نہیں بلکہ اور بہت سے لوگ شامل تھے۔ ان میں اس کا ایک دوسرے رشتے سے بھانجہ ایڈورڈ برنیز ''Edward Bernays'' بھی شامل تھا۔ اس کی ماں فرائڈ کی بہن اور اس کا باپ فرائڈ کی بیوی کا بھائی تھا۔ اس کا خاندان جرمنی کی یہودی نفرت یلغار سے تنگ آکر امریکا جاکرآباد ہوگیا۔

وہ جنگ عظیم اول کے زمانے میں امریکی صدر کی پراپیگنڈہ مہم کا انچارج تھا۔ جنگ کے زمانے میں لوگوں کو جنگ پر آمادہ کرنا، اپنی فتوحات کا ڈھول پیٹنا، دشمن کو ظالم ثابت کرنا اور اپنی افواج کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتارے گئے افراد کو انسانیت کی بدترین مخلوق ثابت کرنا دراصل پراپیگنڈے کا حصہ بلکہ مقصد ہوتا ہے۔ فرائڈ کی محبت اور تربیت کے ساتھ ساتھ زرخیز یہودی ذہن کی وجہ سے اس نے جدید دور کی میڈیا انڈسٹری کو انسانی ذہنوں کو مسخر کرنے کی ایک سائنس بنادی۔ اس نے پہلی دفعہ لفظ پبلک ریلیشنز استعمال کیا جو آج تک دنیا بھر میں مستعمل ہے۔ اس کے نزدیک پراپیگنڈہ یا میڈیا صرف خیالات کی ترویج کا نام نہیں بلکہ یہ لوگوں کی رائے بنانے، اسے تبدیل کرنے اور اسے اپنی رائے کے مطابق ڈھالنے کا نام ہے۔

امریکی صدر وڈرو ولسن کی جنگ عظیم اول کے زمانے کی پراپیگنڈہ ٹیم کے انچارج کی حیثیت سے اس نے امریکی عوام کو ایک نعرہ دیا کہ ''امریکا اس لیے جنگ میں ممدو معاون ہے تاکہ پورے یورپ میں جمہوریت نافذ ہوجائے'' یہ وہ زمانہ تھا جب عورتوں کی آزادی اور حقوق نسواں کی تحریک کا آغاز ہوا تھا۔ اس نے مردوں سے آزادی کی علامت کے طور پر عورتوں کو مشورہ دیا کہ 1929ء میں جب ایسٹر پریڈ ہو تو عورتیں اس میں سگریٹ پیتی ہوئی شامل ہوں۔ اس طرح ان میں اور مردوں میں آزادی کا فرق نظر نہیں آئے گا۔ اسی کے پراپیگنڈے نے امریکی عوام کو جنگ عظیم اول کے دوران ہونے والے قتل و غارت پر قائل کرلیا۔ اپنے اس سارے منصوبے اور سوچ کو وہ ''Engineering Consent'' کہتا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ لوگوں کو میڈیا اور پراپیگنڈے کے زور سے ایک ایسی بات پر قائل کرنا جسے وہ نہیں چاہتے ہیں۔ ایڈورڈ برنیز کا یہ تصور آج بھی دنیا بھر میں میڈیا کی روح ہے۔

آپ کس قدر آسانی سے امریکی، برطانوی، یورپی بلکہ پسماندہ ممالک کی اکثریت کو قائل کرلیتے ہیں کہ افغانستان کے دور دراز اور پسماندہ ترین ملک جہاں ٹیلیفون، ٹیلی ویژن اور ریلوے جیسی بنیادی چیزیں بھی میسر نہیں وہاں بیٹھے چند لوگوں نے ایک سازش تیار کی اور پھر نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر تباہ کردیا۔ اس کے بعد آپ دنیا کو اس بات پر بھی قائل کرلیتے ہیں کہ افغانستان میں بسنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور پھر جب امریکی جہاز ان پر بم برساتے ہیں، ٹینک ان کو روندتے ہیں یا گولیاں ان کے سینے چھلنی کرتی ہیں تو کسی کو ان سے ہمدردی نہیں ہوتی۔

یہی میڈیا دنیا بھر کو صدام حسین کے بارے میں جھوٹی اور من گھڑت رپورٹیں دکھا کر قائل کرلیتا ہے کہ عراق کے عوام کو مارنا اور ان کا خون بہانا جائز ہے۔ پھر جب کئی منزلہ عمارت پر امریکی میزائل آکر گرتا ہے تو ہم ٹیکنالوجی کی داد دے رہے ہوتے ہیں۔ ہمیں احساس تک نہیں ہوتا کہ اس عمارت میں عورتیں بچے اور بوڑھے بھی تھے جو اس میزائل گرنے سے موت کی آغوش میں چلے گئے ہوں گے۔

جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ ثابت کرنا اسی میڈیا کا کمال ہے۔ اس وقت گزشتہ کئی ہفتوں سے دو شہروں کا محاصرہ جاری ہے۔ آپ حیران ہوں گے کہ دنیا بھر کا آزاد میڈیا جسے آپ انسانیت کا فخر تصور کیا جاتا ہے۔ ان دونوں شہروں میں ایک شہر کے محاصرے کو جائز اور دوسرے شہر کے محاصرے کو ناجائز قرار دیتا ہے۔ ایک شہر ''موصل'' ہے اور دوسرا ''حلب''۔ دونوں پر اس میڈیا کے مطابق شدت پسند اسلامی گروہ قابض ہیں۔ لیکن موصل کا محاصرہ کرنے والے سرکاری فوجی انھیں شدت پسندوں سے آزادی دلانے کے لیے ان پر خوراک پانی اور دوائیں بند کررہے ہیں۔

انھیں چن چن کر مار رہے ہیں۔ پوری دنیا کا میڈیا لوگوں کو قائل کرنے میں مصروف ہے کہ یہ سب کچھ انسانیت، آزادی اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے ہورہا ہے۔ مغربی صحافی جو عراقی افواج کے ساتھ ہیں وہ روز ان فوجیوں کی وکٹری کا نشان بنانے والی تصویریں اخباروں کے صفحہ اول پر لگاتے ہیں۔ دوسری جانب حلب ہے جہاں بشارالاسد کے سپاہیوں کو ظالم بناکر پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے حلب شہر کا محاصرہ کررکھا ہے۔

اسی میڈیا کے تحت حلب کے شدت پسند دراصل آزادی کے ہیرو ہیں جب کہ وہی شدت پسند موصل میں انسانیت کے دشمن۔ جان پجر Jahn Piger ان لوگوں میں سے ہے جو اس دنیا میں قتل و غارت اور بربریت کا ذمے دار میڈیا کو ٹھہراتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ اگر اس قدر زور دار پراپیگنڈہ نہ ہوتا تو دنیا پر القاعدہ، داعش اور النصرہ کا وجود معمولی سا ہوتا اور آج عراق اور شام کے شہری اپنی جانیں بچانے کے لیے دنیا بھر میں دربدر نہ ہورہے ہوتے۔ لیبیا کی تباہی اور قدافی کی المناک موت صرف اور صرف میڈیا کی جنگ اور فتح ہے۔ ایک پر امن ملک جس کے شہری دنیا کے ہر جائزے کے مطابق مطمئن زندگی گزار رہے تھے۔ پہلے اسے دنیا کی نظروں میں ظالم بنایا گیا ، یورپ اور امریکا کے عوام کو فائل کیا کہ اب اس ملک کی تباہی انسانیت کے لیے بہترہے۔

اس کے بعد نیٹو کے جہاز نو ہزار سات سو دفعہ اڑے اور انھوں نے یورینیم وارڈ ہیڈز والے میزائل عوام الناس پر پھینکے۔ کوئی ایک آنسو ان معصوم عوام کی موت پر آنکھوں سے نہ نکلا، کوئی دل خوف سے نہ کانپا۔ کسی کو اندازہ تک نہ ہوا کہ وہاں کتنی معصوم جانیں موت کے گھاٹ اتار دی گئیں۔ اس لیے مغربی میڈیا پوری دنیا کو قائل کرچکا تھا کہ ان سب کیڑے مکوڑوں کی موت دنیا کے امن کے لیے ضروری ہے۔

یہ مغربی میڈیا امریکی انتخابات کے موقع پر اپنے جھوٹ اور پراپیگنڈہ تکنیک کے عروج پر ہوتا ہے۔ حیرت کی بات ہے کہ اس کے نزدیک ڈونلڈ ٹرمپ جس نے ایک قتل نہیں کیا وہ خوفناک آدمی ہے جب کہ ٹرومین، کنیڈی، جانسن، بش وغیرہ امن کی فاختائیں ہیں۔ اوباما جس نے گزشتہ تیس سال میں خرچ ہونے والی رقم سے بھی زیادہ امریکی ایٹمی ہتھیاروں پر خرچ کی ہے جو ایک ہزار ارب بنتی ہے۔ وہ اس وقت منی ایٹم بم بنوا رہا ہے جنھیں B-61 اور ماڈل 12 کہا جاتا ہے۔ اس کے دور میں سب سے زیادہ ڈرون حملوں میں لوگ مارے گئے۔ وہ امن کا نوبل انعام حاصل کرتا ہے۔ لیکن میڈیا اس کے کسی جرم پر گفتگو نہیں کرتا۔ اسے ڈونلڈ ٹرمپ جیسے بڑبولے اور منہ پھٹ نہیں چاہیں، ہیلری جیسے منافق چاہیں جس کے ہاتھ لیبیا کے عوام کے خون میں رنگے ہوں لیکن پھر بھی امن کی فاختہ دکھائی دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |