مری میں شدید برفباری ہزاروں سیاح پھنس گئے

مواصلات کانظام متاثر، پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 7،مختلف حصوں میں بارش کا امکان

راولاکوٹ میں ایک شخص اپنے گھر کی چھت پر گرنے والی برف صاف کررہا ہے۔ فوٹو: پی پی آئی

ملک بھرمیں کم سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں تیسرے روز بھی برف باری کاسلسلہ جاری رہا ، شہر میں 2 سے ڈ ھائی فٹ تک برف پڑی چکی ہے ۔ انتظامیہ نے مری شہر میں سی این جی گا ڑیوں اور بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے ، ہزاروں سیاح پھنس گئے ہیں ۔ ویک اینڈ پر سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری کا رخ کر لیا۔محکمہ ہائی وے کی جانب سے سڑکوں کی بروقت صفائی اور کیمیکل کا چھڑکائو نہ کرنے کی وجہ سے اکثر مقامات پر ٹریفک جام رہا،سیاح گھنٹوں برف میں پھنسے رہے، مال روڈ سے برف نہیں ہٹائی جاسکی، رش کے باعث ہوٹلوں نے نرخ کئی گنا بڑھادیے، گیس اور بجلی کی بندش سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

برفباری سے مواصلات کانظام بری طرح متاثر ہو اہے،نتھیا گلی اور ایوبیہ میں برف نے ہر چیز کو ڈھانپ دیا ہے ، نتھیا گلی سے مختلف علاقوں کو جانیوالی سڑکیں بند ہو گئی ہیں ،چیف ٹریفک پولیس آفیسر ایس ایس پی اشتیا ق شاہ نے کہا ہے کہ برف باری کے دوران مال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بندرہے گی ، میساڑی لنک روڈ کو بھی بند رکھا جا ئے گا ۔ سیاح اپنی گاڑی کے ٹائروں میں ہَوا کا پریشر کم رکھیں ۔ثنا نیوز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مری نے سی این جی گاڑیوں او ر بھاری ٹریفک پر آج کے دن تک پابندی لگا دی ہے اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کے فیول ٹینک فل کرا کے مری آئیں۔




دریں اثنا گلگت بلتستان ، استور، غذر، دیامر ، اسکردو ،وادی لیپہ ،کیل، مالاکنڈ، ہزارہ ،اورکزئی ایجنسی کے کئی علاقوں میں برفباری سے متعدد سڑکیں بند ہیں، ناران ،کاغان اور شوگران میں دو فٹ سے زائد برف پڑچکی ہے۔سوات،لوئردیر اوربونیر میں گزشتہ روز گہرے بادل چھائے رہے، سندھ اور پنجاب میں سردی بڑھ گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق ملتان میں دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، چترال میں برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

آن لا ئن کے مطابق لواری ٹنل کو آرمی انجینئرنگ یونٹ کے جوانوں نے برف ہٹا کر ٹریفک کیلیے کھول دیا جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر اشیائے خوردونوش سے بھری گاڑیاں چترال کیلیے روانہ ہوگئیں۔ چترال کیلیے دوبارہ ٹریفک کل پیر کو کھولا جائے گا۔شمالی وجنوبی وزیرستان میں گیس نایاب ہوگئی ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ،بالا کوٹ میں 14 ، مظفر آباد14 ، مری 13 ، مالم جبہ 11 ، اسلام آباد 6 ، کاکول 6 ،کوٹلی 5 ، سیالکوٹ 4 اور کالام میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مالاکنڈ ہزارہ راولپنڈی مکران ڈویژن اورکشمیرگلگت بلتستان میںچندایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوںپربرفباری کاامکان ہے۔صوبہ پنجاب کے میدانی علاقوں،سکھراورپشاور ڈویژن میں رات اور صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد،مالم جبہ،گڑھی دوپٹہ، مری، کوٹلی ،پارا چنار ،پشاور، راوالا کوٹ ودیگر علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

Recommended Stories

Load Next Story