جس نے انگریزی اخبار کو خبر دی وہ پرویز رشید سے زیادہ طاقتور ہے اعتزاز احسن

حکومت نے اقتدار بچانے کے لئے ظلم کیا اور خیبرپختونخوا کا راستہ روک کر گھناؤنی سازش کی گئی ہے، رہنما پیپلز پارٹی

پچھلی دفعہ مشاہد اللہ خان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا تھا، اعتزاز احسن۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ کمزوروں کو قربانی کا بکرا بناتی ہے اور اس بار پرویز رشید کو قربانی کابکرا بنایا گیاہے جب کہ جس نے انگریزی اخبار کو خبر دی وہ پرویز رشید سے زیادہ طاقتور ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ کمزوروں کو بکرا بنایا ہے، پہلے مشاہد اللہ خان کو قربان کیا گیا اور اب پرویز رشید کی باری آئی ہے۔ جس نے خبر لیک کی اس کا ابھی تک حکومت کو نہیں پتا کیونکہ جس نے خبر دی ہے وہ پرویز رشید سے زیادہ طاقت ور اور مقتدر ہے اور اگر پرویز رشید خبر رکوا دیتے تو پھر کہا جاتا کہ خبر کیوں رکوائی گئی۔


رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور حکومت میں قومی سلامتی کی باتیں کچھ زیادہ ہوتی ہیں جبکہ ہم نے کبھی قومی سلامتی کے نام پر کسی کوگرفتار نہیں کیااور ہمارے خلاف میمو گیٹ کا جھوٹا اسکینڈل بنا اور نوازشریف اس کو لے کر سپریم کورٹ گئے اور پھر ایک خط نہ لکھنے پر ہمارے وزیراعظم کو ڈی سیٹ کر دیا گیا۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اقتدار بچانے کے لیے ظلم کیا جا رہا ہے اور خیبرپختونخوا کا راستہ روک کر گھناؤنی سازش کی گئی ہے، لاک ڈان ہونا حکومت کی نااہلی ہے کیونکہ تاریخ سے پہلے ہی راستے بند کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلزپارٹی میں ہوں اور پیپلزپارٹی میں ہی رہوں گا، عمران خان کا مطالبہ جائز ہے کیونکہ پاناما لیکس میں نام آنے والوں کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں جب کہ نواز شریف نے جس سال انکم ٹیکس نہیں دیا اس سال اربوں کی جائیداد خریدی گئی لہذا نواز شریف کی چوری پکڑی گئی ہے،نوازشر یف اور ان کے بچوں کے بیانات میں مکمل تضاد ہے، (ن) لیگ جس کو چاہے نوازشریف کی جگہ وزیر اعظم بنا دے۔

 
Load Next Story