جذبات کی قدرکرتاہوںعوام احتجاج پرامن رکھیں الطاف حسین

احتجاج میں غریب ٹھیلے،رکشا و ٹیکسی والوں،کاروباری افرادکی املاک کونقصان نہ پہنچائیں

عوام اتحادسے سازشیں ناکام بنادینگے، قائد متحدہ، امریکی اسکول میں فائرنگ کے واقعے پرافسوس۔ فوٹو: فائل

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف عوام میں جوجذبات پائے جاتے ہیں ہم اس کی کھلے دل سے قدرکرتے ہیں مگرعوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اپنے احتجاج کو ہرقیمت پرپرامن رکھیں۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ہرقسم کاپرامن احتجاج کرنا عوام کاآئینی وقانونی حق ہے لیکن میں ایک ایک ہمدرداورکارکنوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اپنے جذبات کے اظہارکے دوران کسی بھی رکشہ ٹیکسی والے ،کسی ٹھیلے والے یاکوئی بھی کاروبارکرنے والے افرادکوکسی بھی صورت کوئی نقصان نہ پہنچائیں بلکہ ان کی املاک کی حفاظت کریں،اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اورتائید وحمایت سے عوام نے ماضی میں بھی ایم کیوایم کیخلاف ریاستی مشینریوںکے منصوبوںکواپنے اتحادسے ناکام بنایا اورمجھے امیدہے کہ عوام آج بھی ان عناصرکی تمام ترسازشوں کواپنے اتحادکے ذریعے ناکام بنائیں گے۔




دریں اثناالطاف حسین نے امریکی ریاست کنیکٹی کٹ میں واقع پرائمری اسکول میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں20بچوں سمیت 27افراد کی ہلاکت پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے اورکہا ہے کہ یہ امریکی تاریخ کا نہ صرف افسوسنا ک بلکہ المناک واقعہ ہے جس پرہردردمند دل رکھنے والااور انسانیت پریقین رکھنے والا فرد دکھی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story